پاکستانی ماڈل اور ایکٹریس وینا ملک ان دنوں شوبز کی چمکتی دمکتی دنیا میں واپسی کی تیاریوں میں مصروف ہیں۔
کسی نہ کسی بہانے ہمیشہ خبروں میں ’ان‘ رہنے والی وینا ملک نے گزشتہ سال دبئی میں رہنے والے بزنس میں اسد ملک سے شادی کے بعد شو بزنس چھوڑنے کا اعلان کیا تھا۔ لیکن، اب ایک بار پھر وہ فلموں اور ٹی وی پر واپسی کے لئے پرجوش ہیں۔
مقامی میڈیا کو انٹرویو میں وینا ملک کا کہنا تھا کہ ’کیونکہ اب میں صرف ماڈل اور ایکٹریس ہی نہیں، ایک ماں اور بیوی بھی ہوں۔ اس لئے اپنے شوہر اور بچے کو زیادہ وقت دینے کے لئے شوبز سے عارضی طور پر علیحدگی اختیار کی تھی۔‘
وینا کے بقول ’اس دوران بھی مجھے مسلسل فلموں اور ٹی وی پروجیکٹس کی آفرز ہوتی رہیں۔ لیکن، میں ہرکام سو چ سمجھ کر اورپوری تیاری کے ساتھ کرتی ہوں اسی لئے وقت مانگ لیا تھا۔‘
وینا ملک نے بتایا کہ وہ جلد پاکستان آئیں گی اور نہ صرف شوبز بلکہ سماجی سرگرمیوں میں بھی حصہ لیں گی۔
وینا کے مطابق ’نئی پاکستانی فلموں کا معیار بہت اچھا ہوگیا ہے۔ یہی وجہ ہے کہ میں اور میرے شوہر اپنا پروڈکشن ہاوٴس کھولنے کی پلاننگ کر رہے ہیں۔‘
وینا ملک بالی وڈ کی بہت سے فلموں میں کام کر چکی ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ اب بھی ان کے پاس بالی وڈ کی ایک فلم کی آفر موجود ہے اور پاکستان کے بعد وہ شاید بھارت کا دورہ بھی کریں۔
اخبار ’ٹری بیون‘ اور ’ایکسپریس‘ کی رپورٹس کے مطابق وینا ملک کی انٹرٹینمنٹ انڈسٹری میں واپسی کی خبر سب کے لئے سرپرائز ثابت ہوئی ہے، کیونکہ شادی کے وقت وینا ملک نے ایکٹنگ چھوڑنے اور صرف سماجی کاموں کو وقت دینے کا اعلان بڑے زوردار انداز میں کیا تھا۔