رسائی کے لنکس

ڈیوس کپ میں پاکستان کو شکست


پاکستان کے مشہور کھلاڑی اعصام الحق اس بار اچھی کارکردگی نہ دکھا سکے۔ فائل فوٹو
پاکستان کے مشہور کھلاڑی اعصام الحق اس بار اچھی کارکردگی نہ دکھا سکے۔ فائل فوٹو

ڈیوس کپ ایشیا اوشیانا گروپ ون ٹائی میں ازبکستان نے پاکستان کو باآسانی 4-1 سے شکست دیدی۔

آج ہونے والے میچز کے حوالے سے پہلے ہی توقع کی جا رہی تھی کہ بہتر فٹنس معیار اور عالمی رینکنگ میں بہتری کی وجہ سے ازبکستان یہ میچ جیت جائے گا۔ لیکن پاکستان کے اعصام الحق اور عقیل خان کے بڑے ناموں کی وجہ سے توقعات تھیں جو پوری نہ ہوسکیں۔

ڈبلز میچ میں ازبکستان کی ٹیم نے سانجن فیاضیوکی جگہ ڈینس اسٹومن کو جرابک کریموف کے ساتھ کھلایا۔ پہلے سیٹ میں ہی دونوں ازبک کھلاڑیوں نے بہترین کارکردگی دکھائی اور پاکستانی کھلاڑیوں کو کوئی موقع نہ دیا۔

26 منٹ جاری رہنے والے پہلے سیٹ میں ازبک ٹیم نے پاکستانی ٹیم کو 6-1 دوسرے سیٹ میں6-4،تیسرے میں 6-1 اور چوتھے سیٹ میں 6-3سے شکست دیدی۔

آخری سنگل میچ میں پاکستان کے محمد مزمل کو خمیون سلطانوف نے با آسانی شکست دی جس کے ساتھ ہی پاکستان ڈیوس کپ 4-1 سے ہار گیا۔

اسلام آباد کے سپورٹس کمپلیکس میں ہونے والے اس میچ میں پاکستانی تماشائی بہت کم تعداد میں تھے کیونکہ فیڈریشن نے عام شہریوں کے لیے ممانعت کررکھی تھی اور صرف باقاعدہ دعوت نامہ پر آنے کی اجازت تھی۔ جیت کے ساتھ ہی ازبک سفارت خانے کے افسران اور ملازمین جو بڑی تعداد میں موجود تھے،انہوں نے اپنی فتح کا بھرپور جشن منایا۔

اس سے قبل گذشتہ روز ہونے والے میچز میں پاکستانی اسٹار اعصام الحق کو زخمی ہونے کی وجہ سے میچ سے دستبردار ہونا پڑا۔ مہمان کھلاڑی عالمی نمبر 83 ڈینس اسٹومین 2-0 سے فاتح قرار پائے۔

دوسرے میچ میں قومی نمبر ون عقیل خان اورسانجر فیاضیو کے مابین کھیلا گیا۔ عقیل نے تقریباً ڈھائی گھنٹے تک جاری رہنے والے اعصاب شکن مقابلے میں 2-1 سے کامیابی سمیٹتے ہوئے ٹائی کوبرابر کردیا۔

55 منٹ جاری رہنے والے پہلے سیٹ میں ازبک کھلاڑی سانجر فیاضیو نے ٹائی بریک کے ذریعے 7-6 سے کامیابی حاصل کی۔ عقیل خان نے شاندار کم بیک کرتے ہوئے باقی دونوں سیٹ اپنے نام کیے۔ 37 منٹ تک جاری رہنے والے دوسرے سیٹ میں انھوں نے 6-4 سے فتح پائی جبکہ تیسرے سیٹ میں اسی مارجن سے کامیابی حاصل کرنے کیلیے انھیں 46 منٹ لگے۔

میچز سے قبل پاکستان اور ازبکستان کے قومی ترانے بجائے گئے اور کھلاڑیوں نے قومی پرچموں کا تبادلہ کیا۔

ٹینس کے کھیل میں پاکستان عالمی معیار سے بہت پیچھے ہے۔ البتہ پاکستانی کھلاڑی اعصام الحق نے بین الاقوامی ٹورنامنٹس میں انفرادی کارکردگی دکھائی ہے لیکن عمر بڑھنے کے ساتھ ساتھ ان کے کھیل اور فٹنس میں کمی آنے سے ان کے کھیل کا معیار کم ہوتا جارہا ہے۔

XS
SM
MD
LG