امریکہ کی خفیہ ایجنسی سی آئی اے نے بدھ کے روز مئی 2011 میں پاکستان کے شہر ایبٹ آباد میں اسامہ بن لادن کے مکان سے برآمد ہونے والے مواد کی 47,000 فائلیں جاری کر دیں۔ اس میں ایسی دستاویزات اور ویڈیوز شامل ہیں جو اس سے پہلے کبھی منظر عام پر نہیں لائی گئیں۔
ان ویڈیوز میں اسامہ کے بیٹے حمزہ بن لادن کی ویڈیوز بھی شامل ہیں جن میں اسے نوجوان دکھایا گیا ہے۔ اس سے قبل حمزہ بن لادن کی بچپن کی تصاویر جاری کی گئی تھیں۔
حالیہ برسوں میں القاعدہ نے متعدد بار حمزہ بن لادن کے آڈیو پیغامات جاری کئے گئے ۔ رواں سال 11 ستمبر کے دہشت گرد حملے کی برسی کے موقع پر القاعدہ نے حمزہ کے بچپن کی ایک تصویر جاری کی تھی جس کے پس منظر میں ورلڈ ٹریڈ سینٹر کو دکھایا گیا تھا۔
سی آئی اے کی طرف سے جاری کردہ ایک گھنٹے کی ویڈیو میں حمزہ کو اپنی شادی کی تقریب میں مونچھوں کے ساتھ اور بغیر داڑھی کے دکھایا گیا ہے۔ وہ دوسرے افراد کے ساتھ قالین پر بیٹھا ہوا ہے۔ پس منظر میں ایک شخص قران کی تلاوت کر رہا ہے اور پھر وہ اپنی دلہن کے ساتھ نکاح کو قبول کرتا ہے۔ اس کے بعد مختلف کھانوں اور پھلوں کے ساتھ لوگوں کو قالین پر بیٹھ کر کھانا کھاتے ہوئے دکھایا گیا۔
یہ سفری دستاویزات، تصاویر اور کمپیٹر فائلز پر مشتمل مواد کی چوتھی قسط ہے جسے اسامہ بن لادن کے ایبٹ آباد میں موجود گھر کے احاطے سے برآمد کیا گیا تھا۔ قبل ازین مواد کی ایک قسط مئی 2015 میں، دوسری قسط مارچ 2016 میں اور تیسری قسط اس سال جنوری میں جاری کی گئی تھی۔
بدھ کے روز جاری ہونے والے مواد میں 228 صفحات پر مشتمل اسامہ بن لادن کی ہاتھ سے لکھی ہوئی ڈائری اور تقریباً 79,000 تصاویر اور آڈیو فائلیں شامل ہیں۔ ان میں گھر پر بنائی گئی ایسی آڈیو فائلیں بھی شامل ہیں جن میں اسامہ بن لادن کو تقریر کرنے کی مشق کرتے ظاہر کیا گیا تھا۔ان کے علاوہ 10,000 ویڈیو فائلیں بھی جاری کی گئی ہیں جن میں سے ایک میں اسامہ کے بیٹے حمزہ بن لادن کی شادی کے مناظر دکھائے گئے ہیں۔
اسامہ بن لادن کے کمپاؤنڈ سے ملنے والی کمپیوٹر فائلز میں بچوں کی کارٹون فلمیں، کمپیوٹر گیمز، خود اسامہ کی زندگی پر بننے والی دستاویزی فلمیں، پشتو اور بالی ووڈ گانے اور ہالی ووڈ کی متعدد فلمیں بھی شامل ہیں۔ یوں اسامہ فلموں اور گانوں کے شوقین تھے۔
اب تک جاری ہونے والے مواد کے علاوہ بھی مزید بہت سا مواد ابھی باقی ہے جس کے بارے میں سی آئی اے کا کہنا ہے کہ شاید اُن میں بیشتر کو قومی سلامتی کے خلاف ہونے کے باعث جاری نہیں کیا جائے گا۔ ان کے علاوہ اسامہ کے کمپاؤنڈ سے کچھ بلو فلمیں بھی برآمد ہوئی تھیں جنہیں منظر عام پر نہیں لایا جا سکتا۔
سی آئی اے کے سربراہ مائیک پومپیو کا کہنا ہے کہ جاری کئے جانے والے مواد سے امریکی شہریوں کو القاعدہ اور اُس کی منصوبہ بندی کو سمجھنے میں بھی مدد ملے گی۔