رسائی کے لنکس

افغان 2014ء تک اپنی سیکیورٹی ذمہ داریاں سنبھالنے لے: امریکہ


افغان 2014ء تک اپنی سیکیورٹی ذمہ داریاں سنبھالنے لے: امریکہ
افغان 2014ء تک اپنی سیکیورٹی ذمہ داریاں سنبھالنے لے: امریکہ

برطانوی اخبار ٹائمز نے پیر کو خبر دی کہ امریکی کمانڈر اور افغانستان میں نیٹو فورسز کے سربراہ جنرل ڈیوڈ پیریس نے افغان صوبوں کا کنٹرول مقامی سیکیورٹی فورسز کے حوالے کرنے کے لیے نظام الاوقات کا مسودہ تیار کیا ہے۔

امریکی عہدے داروں نے کہا ہے کہ افغانستان کو 2014 ء تک اپنی سیکیورٹی کی ذمہ داریاں سنبھالنے کے لیے تیار ہوجانا چاہیے۔

امریکی وزیر دفاع رابرٹ گیٹس اور اعلی ٰ فوجی عہدے دار ایڈمرل مائک ملن نے کہا ہے کہ نیٹو کو چاہیے کہ وہ اس ماہ کے آخر میں پرتگال میں ہونے والی اتحادی ممالک کی سالانہ کانفرنس میں افغان حکومت کو سیکیورٹی کی ذمہ داریوں کی منتقلی کی تاریخ سے آگاہ کردے۔

گیٹس اور ملن پیر کے روز میلبورن ، آسٹریلیا میں نامہ نگاروں سے گفتگو کررہے تھے۔ دونوں عہدے داروں نے یہ تسلیم کیا کہ اتحادی افواج کو طالبان شورش پسندوں کے ساتھ سخت لڑائی کا سامنا کرنا پڑرہاہے۔

برطانوی اخبار ٹائمز نے پیر کو خبر دی کہ امریکی کمانڈر اور افغانستان میں نیٹو فورسز کے سربراہ جنرل ڈیوڈ پیریس نے افغان صوبوں کا کنٹرول مقامی سیکیورٹی فورسز کے حوالے کرنے کے لیے نظام الاوقات کا مسودہ تیار کیا ہے۔

ٹائمز کا کہنا ہے کے جنرل پیٹریئس 19 نومبر کو لسبن میں نیٹو راہنماؤں کو اپنا تیار کردہ نقشہ پیش کریں جن میں ان علاقوں کی نشان دہی کی گئی ہے جنہیں اگلے چھ ماہ کے دوران مقامی سیکیورٹی فورسز کے سپرد کیا جائے گا۔

توقع ہے کہ نیٹو فوجی افغانستان کے جنوبی اور مشرقی صوبوں میں مزید دو برس تک رہیں گے۔

امریکی صدر براک اوباما کہہ چکے ہیں کہ وہ جولائی 2011ء سے افغانستان سے اپنے فوجی نکالنا شروع کردیں گے۔

ایک اور خبر کے مطابق افغانستان میں برطانوی فورسز کے سربرہ جنرل ڈیوڈ رچرڈ نے روزنامہ سن کو بتایا کہ افغانستان میں 2015ء کے بعد بھی ایک ہزار تربیت کاروں کے رہنے کا امکان ہے۔

پیر کے روز تشدد کے ایک واقع میں نیٹو نے کہا کہ مشرقی افغانستان میں سڑک کنارے ایک بم دھماکے میں اس کا ایک اہل کار ہلاک ہوگیا۔ یہ سال افغانستان میں غیر ملکی افواج کے لیے سب سے زیادہ ہلاکت خیز ثابت ہوا ہے اور اب تک اس کے621 فوجی ہلاک ہوچکے ہیں۔

پیر ہی کی ایک خبر کے مطابق افغان عہدے داروں نے کہا ہے کہ نیٹو اور اس کی فورسز نے جنوبی صوبے قندھار میں 15 طالبان شورش پسندوں کو ہلاک کردیا۔

افغان عہدے داروں کے مطابق پیر کے روز صوبے ہلمند میں ایک عام شہری ایک بم پھٹنے سے ہلاک ہوگیا۔

XS
SM
MD
LG