رسائی کے لنکس

امریکہ: پرائمری انتخاب کے لیے پانچ ریاستوں میں ووٹنگ


ہیلری کلنٹن
ہیلری کلنٹن

ری پبلکن امیدواروں میں سرِ فہرست ڈونالڈ ٹرمپ اور ڈیموکریٹ ہیلری کلنٹن ان پرائمریز میں اپنی، اپنی برتری کو مزید مستحکم کرنے کے لیے پرعزم ہیں۔

امریکہ کی پانچ ریاستوں میں رائے دہندگان منگل کو صدارتی امیدوار کی نامزدگی کے لیے پرائمری انتخاب میں ووٹ ڈال رہے ہیں۔

ری پبلکن امیدواروں میں سرِ فہرست ڈونالڈ ٹرمپ اور ڈیموکریٹ ہیلری کلنٹن ان پرائمریز میں اپنی، اپنی برتری کو مزید مستحکم کرنے کے لیے پرعزم ہیں جب کہ دیگر امیدوار اپنی پوزیشن کو بہتر بنانے کے لیے مہم میں نئی جان ڈالنے کے لیے کوشاں ہیں۔

منگل کو ہونے والے انتخابات میں ریاست فلوریڈا بہت اہم ہے جہاں فاتح ری پبلکن امیدوار کو 99 مندوبین کی حمایت حاصل ہو گی۔

پیر کو جاری کردہ رائے عامہ کے دو جائزوں کے مطابق ریاست میں ڈونالڈ ٹرمپ کو اپنے حریف مارکو روبیو پر 17 فیصد سے زائد برتری حاصل ہے۔

ڈونلڈ ٹرمپ
ڈونلڈ ٹرمپ

منگل کو ووٹنگ والی دوسری اہم ریاست اوہائیو ہے جہاں ٹرمپ کا گورنر جان کیسک سے کانٹے کا مقابلہ ہے۔ 2012ء میں صدر براک اوباما سے شکست کھانے والے ریپبلکن صدارتی امیدوار مٹ رومنی، کیسک کی حمایت کر رہے ہیں اور انھوں نے خود بھی اوہائیو میں پڑاؤ ڈال رکھا ہے تاکہ ٹرمپ کو یہاں سے 66 مندوبین کی حمایت حاصل کرنے سے روک سکیں۔

رائے عامہ کے جائزوں کے مطابق شمالی کیرولائنا، میسوری اور ایلینوئے میں ٹرمپ کو ٹیکساس سے منتخب سینیٹر اور اپنے حریف ٹیڈ کروز پر معمولی برتری حاصل ہے۔

دوسری جانب ڈیموکریٹس میں جاری ہیلری کلنٹن اور برنی سینڈرز کا دوبدو مقابلہ منگل کو ہونے والے پرائمریز میں مزید شدت اختیار کرسکتا ہے۔

سنہ 2009ء سے 2013ء تک امریکہ کی وزیر خارجہ رہنے والی ہیلری کلنٹن نے پیر کو ایلینوئے میں مہم چلائی جہاں انھوں نے اپنے حامیوں سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وہ ملازمت پیشہ امریکیوں کے لیے جدوجہد کریں گی۔

ہیلری کو اپنے حریف اور ریاست ورمونٹ سے منتخب سینیٹر برنی سینڈرز پر واضح برتری حاصل ہے۔

رائے عامہ کے جائزوں کے مطابق ہلری کلنٹن فلوریڈا اور شمالی کیرولائنا میں سینڈرز پر واضح برتری حاصل کرسکتی ہیں جب کہ ایلینوئے، اوہائیو اور میسوری میں سخت مقابلہ ہو سکتا ہے۔

XS
SM
MD
LG