رسائی کے لنکس

امریکی شہروں میں سبزی منڈیوں کی مقبولیت


امریکہ میں مقامی طور پر اگائے جانے والے تازہ پھلوں اور سبزیوں کی مانگ میں اضافہ ہوا ہے۔ اس مقصد کے لیے مختلف شہروں میں فارمرز مارکیٹس لگائی جاتی ہیں اور حالیہ دنوں میں شہر کی خالی پارکنگ لاٹس اور خالی زمینوں پر اس طرح کی مارکیٹس عام نظر آنا شروع ہو گئی ہیں ۔ دیہی علاقوں سے شہروں کا رخ کرنے والی تازہ پھلوں اور سبزیوں کی یہ مارکیٹس شہری لوگوں کے کھانے پینے کی عادات پر بھی اثر انداز ہو رہی ہیں۔ اسی مناسبت سے انھیں اربن مارکیٹس بھی کہا جاتا ہے۔

امریکی ریاست میری لینڈ میں واقع ایکو سٹی فارمز کے نام سے قائم کی جانے والی ایک مارکیٹ شہری علاقے میں تازہ ہوا کے ایک جھونکے کی طرح ہے۔ چھوٹے چھوٹے گھروں اور گلیوں پر مشتمل اس علاقے میں کچھ دکانیں اور گاڑیوں کی ورک شاپس ہیں۔ مارسی کلارک یہاں باقاعدہ آنے والوں میں شامل ہیں۔

وہ کہتی ہیں کہ یہ ضروری ہے کے بچوں کو بھی اپنے کھانے پینے کی چیزوں کے بارے میں پتہ چلے، ہوا ، مٹی اور آلودگی کا احساس ہو ، اور یہ کہ یہ تمام چیزیں کیسے ان کی صحت پر اثر انداز ہوتی ہیں۔

ایک اور خریدار السٹون کا کہناتھاکہ آپ کو اس زمین سے جڑے ہونے کا احساس ہوتا ہے جہاں سے یہ پھل اور سبزیاں آتے ہیں۔ آپ کو انھیں کھانے کا مزا آتا ہے اور آپ انھیں ضائع بھی کم کرتے ہیں کیونکہ آپ کو احساس ہوتا ہے کہ انھیں اگانے میں کتنی محنت لگتی ہے۔

ایکو سٹی فارم ایک ایسے علاقے میں ہے جہاں کے مکینوں کو تازہ پھلوں اور سبزیوں تک رسائی نہیں۔ اس فارم کی بانی مارگریٹ ہبارڈ کا کہنا ہے کہ یہ فارم ایک اچھی اور صحتمند زندگی کا سر چشمہ ہے۔

وہ کہتی ہیں کہ ہم یہاں جو بھی کرتے ہیں اس کا مقصد ایک ایسا معاشرہ تشکیل دینا ہے جو اپنے وسائل پر انحصار کر سکے۔

ایکو سٹی فارم اپنی مدد آپ کے تحت بنایا گیا ہے جہاں بجلی کی ضروریات سولر پینلز سے پوری کی جاتی ہیں۔ جبکہ سبزیاں اگانے کے لیے ضروری اور مناسب حرارت بھی جدید طریقوں سے مہیا کی جاتی ہے۔ مقامی لوگ اپنے گھروں سے پیدل اور سائیکلوں پر یہاں آتے ہیں اور تازہ پھل اور سبزیاں خریدتےہیں۔ جس سے مقامی بچوں میں بھی پھل اور سبزیاں کھانے کا رحجان پیدا ہور ہا ہے۔

بلاشبہ یہ انکے ایک اچھے مستقبل کی نوید ہے۔

XS
SM
MD
LG