رسائی کے لنکس

غیر قانونی تارکین وطن کی بے دخلی میں اضافے کا امکان


لاس اینجلس میں امیگریشن حکام کے خلاف مظاہرہ۔ فائل فوٹو
لاس اینجلس میں امیگریشن حکام کے خلاف مظاہرہ۔ فائل فوٹو

غیر قانونی تارکین وطن کی واپسی امریکہ کو خاصی مہنگی پڑتی ہے۔ ایلزا کے مطابق ایک فرد کی واپسی پر 12 ہزار ڈالر سے زیادہ خرچ آتا ہے۔ جس میں اسے پکڑنے، حراست میں رکھنے، مقدمہ چلانے اور اپنے وطن واپس بھیجنے کے اخراجات شامل ہیں۔

سات مسلم اکثریتی ملکوں پر عارضی سفری پابندیوں سے متعلق صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے انتظامی حکم نے یہ واضح کر دیا ہے کہ وہ امیگریشن کے امریکی قوانین پر سختی سے عمل درآمد کا ارادہ رکھتے ہیں، جس کا سیدھا سادا مطب یہ ہے کہ امریکہ سے غیرملکیوں کی بے دخلیوں میں اضافہ ہوگا۔

صدر براک اوباما کے دور میں سن 2009 اور 2015 کے درمیان 25 لاکھ افراد کی ریکارڈ تعداد کو واپس کیا گیا۔ اب کتنے لوگ واپس جائیں گے ، فی الحال کچھ نہیں کہا جاسکتا۔ اس کا انحصار فنڈز کی فراہمی پر ہے۔

صدر ٹرمپ مزید 10 ہزار امیگریشن آفیسر اور 5 ہزار سرحدی نگرانی کے اہل کار بھرتی کرنا چاہتے ہیں۔جس سے امیگریشن عہدے داروں کی تعداد بڑھ کر 20 ہزار اور سرحدی نگرانی کی فورس 21 ہزار ہوجائے گی۔اس اضافی تعداد سے غیر قانونی تارکین وطن کے خلاف اقدامات میں تیزی آئے گی۔

امیگریشن افسر شہروں اور قصبوں میں چھپے ہوئے غیر قانونی تارکین وطن کو تلاش کریں گے، وہ ان جگہوں پر چھاپے ماریں گے جو انہیں روزگار فراہم کرتے ہیں۔ ایسےافراد کا سراغ لگایا جائے گا جن کی پناہ یا امریکہ میں رہائش سے متعلق درخواستیں مسترد ہو چکی ہیں۔ اس سلسلے میں ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی اور چھوٹے موٹے جرئم میں ملوث افراد کے بارے میں معلومات کے ساتھ ساتھ خفیہ نگرانی سے بھی کام لیا جائے گا۔

صدر ٹرمپ یہ کہہ چکے ہیں ایسے غیر قانونی تارکین وطن کو بطور خاص ہدف بنایا جائے گا جو جرائم میں ملوث ہیں۔وہ قانونی دستاویزات نہ رکھنے والے ان لوگوں کو بھی نشانہ بنانے کا ارادہ رکھتے ہیں جو بقول ان کے قومی فلاحی پروگراموں سے ناجائز فائدہ اٹھا رہے ہیں۔

امیگریشن محکمے کی پریس سیکرٹری جینی فر ایلزا کا کہنا ہے کہ غیر قانونی تارکین وطن کے لیے امریکہ بھر میں 203 حراستی مراکز موجود ہیں جن میں 34 ہزار کے لگ بھگ افراد کے رکھنے کی گنجائش موجود ہے۔ہرسال تقریباً چار لاکھ غیر قانونی تارکین وطن کو حراست میں لیا جاتا ہے جو اوسطاً 30 دنوں تک حراستی مراکز میں قیام کرتے ہیں۔

امریکہ میں امیگریشن کی عدالتوں پر مقدمات کا بھاری بوجھ ہے اور ایک اندازے کے مطابق اس وقت پانچ لاکھ مقدمے زیر التوا ہیں۔ کسی شخص کے خلاف مقدمے کی سماعت کی باری آنے میں اوسطاً 678 دن لگ جاتے ہیں۔

صدرٹرمپ نے اپنے انتظامی حکم میں محکمہ انصاف سے کہا ہے کہ مزید امیگریشن جج فراہم کرے تاکہ سیکیورٹی کی صورت حال کو بہتر بنایا جاسکے۔

امیگریشن حکام کے مطابق سن 2016 میں دو لاکھ 40 ہزار سے زیادہ افراد کو واپس بھیجا گیا جن میں 65 ہزار کے لگ بھگ افراد کو ملک کے اندر سے پکڑا گیا تھا جب کہ باقی ماندہ افراد کو سرحد عبور کرتے وقت حراست میں لیا گیا تھا۔

واپس بھیجے جانے والے زیادہ تر افراد کا تعلق میکسیکو، گوٹے مالا، ہینڈورس اور ایل سلواڈور سے تھا۔

غیر قانونی تارکین وطن کی واپسی امریکہ کو خاصی مہنگی پڑتی ہے۔ ایلزا کے مطابق ایک فرد کی واپسی پر 12 ہزار ڈالر سے زیادہ خرچ آتا ہے۔ جس میں اسے پکڑنے، حراست میں رکھنے، مقدمہ چلانے اور اپنے وطن واپس بھیجنے کے اخراجات شامل ہیں۔

سابق صدر براک اوباما کے دور میں اپنے ملک واپس بھیجے جانے والوں پر امریکہ کے خزانے کو 30 ارب ڈالر سے زیادہ کا بوجھ برداشت کرنا پڑا تھا۔

اگر ججوں کی تعداد ، مقدمے کے فیصلے کی مدت اور اخراجات سے متعلق اعداد و شمار کو سامنے رکھا جائے تو امریکہ سے تمام غیر قانونی تارکین وطن کو ، جن کی تعداد کا تخمینہ ایک کروڑ 10 لاکھ سے زیادہ لگایا جاتا ہے، 20 سال کا عرصہ اور 400 سے 600 ارب ڈالر تک کے اخراجات اٹھیں گے۔

XS
SM
MD
LG