امریکہ نے اعلان کیا ہے کہ وہ انتہا پسندی اور دہشت گردی کے انسداد کے موضوع پر آئندہ ماہ اتحادی ملکوں کے سربراہی اجلاس کی میزبانی کرے گا۔
اس اجلاس کے انعقاد کا اعلان امریکہ کے اٹارنی جنرل ایرک ہولڈر نے اتوار کو فرانس کے دارالحکومت پیرس میں کیا۔
امریکی اٹارنی جنرل رواں ہفتے ہونے والے دہشت گرد حملوں کے متاثرین کے ساتھ اظہارِ یکجہتی کے لیے پیرس پہنچے تھے جہاں انہوں نے اتوار کو شدت پسندی کےخلاف ہونے والی ایک بڑی ریلی میں امریکہ کی نمائندگی کی۔
پیرس میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے ایرک ہولڈر نے کہا کہ مجوزہ اجلاس 18 فروری کو منعقد ہوگا جس میں امریکہ کے تمام اتحادی ممالک کے سربراہان کو مدعو کیا جائےگا۔
انہوں نے کہا کہ اجلاس میں اتحادی رہنما دنیا بھر میں بڑھتی ہوئی شدت پسندی اور اس کے نتیجے میں جنم لینے والے تشدد سے نبٹنے کے طریقوں پر غور کریں گے۔
امریکی اٹارنی جرنل کا کہنا تھا کہ پیرس حملوں جیسے واقعات میں ملوث افراد کو انصاف کے کٹہرے میں لانے کے لیے عالمی برادری کو مل جل کر کام کرنا ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ دنیا کو ان محرکات سے بھی نبٹنا ہوگا جو ایسے واقعات کی بنیاد بنتے ہیں اور لوگوں کو انتہا پسندی کی طرف مائل ہوکر خلافِ انسانیت اقدامات کرنے پر مجبور کردیتے ہیں۔
دریں اثنا 'وہائٹ ہاؤس' کی جانب سے جاری ہونے والے ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ مجوزہ اجلاس میں اتحادی ملکوں کو امریکہ کی مختلف آبادیوں میں جاری انتہا پسندی سے نبٹنے کے کامیاب منصوبوں اور کوششوں سے آگاہ کیا جائے گا۔