رسائی کے لنکس

’4 جولائی سے پہلے دہشت گردی کی 10 سازشیں ناکام بنائی گئیں‘


ایف بی آئی کے سربراہ نے بتایا ہے کہ داعش اندرون ملک حملے پر تیار ہونے والے دہشت گردوں کی ہمت افزائی کرتا ہے اور یہ کہ گرفتار کیے جانے والوں میں سے کچھ لوگ ’انکرپٹڈ‘ پیغام رسانی کے ذرائع سے شدت پسندوں کے ساتھ رابطے میں تھے

امریکی فیڈرل بیورو آف انویسٹی گیشن کے سربراہ، جمیز کومی نے جمعرات کے دِن کہا ہے کہ یوم آزادی کی تعطیل سے قبل کچھ ہفتوں کے دوران ادارے کے اہل کاروں نے دہشت گردی کی منصوبہ بندی کی متعدد سازشیں پکڑی تھیں۔

کومی نے اخباری نمائندوں کو بتایا کہ ’میں سمجھتا ہوں کہ ہماری کوششوں کے نتیجے میں وہ سازشیں ناکام بنا دی گئیں جن کا مقصد لوگوں کو ہلاک کرنا تھا، جن کا ممکنہ طور پر 4 جولائی سے تعلق تھا‘۔

اُنھوں نے کہا کہ 10 سے زائد افراد گرفتار کیے گئے۔ تاہم، اُنھوں نے اس بارے میں مزید تفصیل نہیں دی آیا وہ کیا سازش کر رہے تھے یا کہاں حملہ کرنے کا ارادہ رکھتے تھے۔

ایف بی آئی اور محکمہ ہوم لینڈ سکیورٹی نے 4 جولائی کو دہشت گرد حملوں کے امکان سے متعلق انتباہ جاری کیا تھا، اُس دوران جب لاکھوں امریکی محافل موسیقی، پارٹیوں، پکنک اور آتش بازی کے مظاہروں میں شریک تھے۔

کومی نے بتایا کہ داعش اندرون ملک حملے کرنے پر تیار ہونے والے دہشت گردوں کی ہمت افزائی کرتا ہے اور یہ کہ گرفتار کیے جانے والوں میں سے کچھ لوگ ’انکرپٹڈ‘ پیغام رسانی کے ذرائع سے شدت پسندوں کے ساتھ رابطے میں تھے۔

اُنھوں نے کہا کہ ایف بی آئی کے لیے یہ کام کسی چیلنج سے کم نہیں، کیونکہ دولت اسلامیہ کے شدت پسندوں سے ترغیب لینے والے دہشت گرد انتہائی بے بھروسہ ہوتے ہیں جو اچانک حملہ کرتے ہیں۔

XS
SM
MD
LG