رسائی کے لنکس

ایپل کے سابق چیف ایگزیکٹِو اسٹیو جابز انتقال کر گئے


سٹیو جابز
سٹیو جابز

ایپل کے ایک بانی اور سابق چیف ایگزیکٹِو اسٹیو جابز انتقال کر گئے ہیں۔ اُن کی عمر 56 برس تھی اور وہ تقریباً گزشتہ ایک دہائی سے سرطان کے مرض میں مبتلا تھے۔

اپیل کی ویب سائٹ پر بدھ کو دیر گئے جاری ہونے والے ایک بیان میں کہا گیا کہ کمپنی ایک تخیل پرست اور تخلیقی صلاحیت رکھنے والے شخص جبکہ دنیا ایک غیر معمولی انسان سے محروم ہو گئی ہے۔

کمپنی کا یہ بھی کہنا تھا کہ اسٹیو جابز کا جذبہ ہمیشہ ایپل کی بنیاد رہے گا۔

امریکی صدر براک اوباما نے بھی ایک تحریری بیان میں سٹیو جابز کی وفات پر تعزیت کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ ملک کے چوٹی کے موجدوں میں سے ایک تھے۔

اُنھوں نے کہا کہ سٹیو جابز نے ’’صنعتوں کا نقشہ بدل دیا‘‘ اور انٹر نیٹ کو ناصرف عام لوگوں کی پہنچ میں لائے بلکہ اس کو تفریح کا ذریعہ بھی بنایا۔

سٹیو جابز نے اگست میں اپیل کے چیف ایگزیکٹِو کے عہدے سے استعفیٰ دے دیا تھا۔ وہ 2003ء سے لبلبے کے سرطان میں مبتلا تھے اور 2009ء میں اُن کے جگر کی پیوند کاری بھی ہوئی تھی۔

چوبیس فروری 1955ء کو پیدا ہونے والے سٹیو جابز نے کالج میں پہنچ کر پڑھائی چھوڑ دی تھی۔ اُن کی پرورش کیلی فورنیا کے اُس علاقے میں ہوئی جسے بعد میں سلیکون ویلی کا نام دیا گیا اور یہ امریکہ میں ٹیکنالوجی کی صنعت کا ایک مرکز ہے۔

سٹیو جابز 1974ء میں ویڈیو گیمز بنانے والی ایک کمپنی میں ٹیکنیشن کی ملازمت ترک کرکے روحانی روشن خیالی کی تلاش میں بھارت چلے گئے تھے۔

امریکہ واپسی پر اُنھوں نے اپنے ایک دوست سٹیو وازنیاک کے ساتھ مل کر اپنے گیراج میں کام کا آغاز کر کے پہلا ایپل کمپیوٹر بنایا۔

XS
SM
MD
LG