رسائی کے لنکس

جنوبی کیرولائنا: سینیٹ نے کنفڈریٹ پرچم اتارنے کے لیے بل منظور کر لیا


فائل فوٹو
فائل فوٹو

ایوان بالا میں موجود دونوں جماعتوں کا حمایت یافتہ بل منگل کو تین کے مقابلے میں 36 ووٹوں سے منظور کیا گیا۔

جنوبی کیرولائنا کی سینیٹ نے خآنہ جنگی کے زمانے کا کنفڈریٹ پرچم مقننہ کی عمارت کے احاطے سے اتارنے کے لیے ایک بل منظور کیا ہے۔ یہ جھنڈا یہاں گزشتہ 50 سال سے لہرا رہا ہے۔

ایوان بالا میں موجود دونوں جماعتوں کا حمایت یافتہ بل منگل کو تین کے مقابلے میں 36 ووٹوں سے منظور کیا گیا۔

اب یہ بل جنوبی کیرولائنا کے ایوان نمائندگان میں پیش کیا جائے گا جہاں بدھ سے اس پر بحث کا آغاز متوقع ہے۔

ابھی یہ واضح نہیں کہ ایوانِ نمائندگان میں اس پر کب رائے شماری کی جائے گی۔

17 جون کو چارلسٹن میں ایک سیاہ فام امریکی چرچ پر حملے کے بعد رپبلکن گورنر نکی ہیلے سمیت متعدد حکام نے جھنڈا اتارنے کا مطالبہ کیا تھا، جس کے بعد اس پر سیاسی بحث کا آغاز ہوا۔ اس حملے میں نو سیاہ فام امریکی ہلاک ہو گئے تھے۔

حملے کے ملزم ڈائلن روف کی حملے سے قبل لی گئی تصاویر میں اسے کنفڈریٹ جھنڈا اٹھائے دیکھا جا سکتا ہے۔

مظاہرے

حملے کے بعد سے سینکڑوں افراد ہر ہفتے قانون سازوں پر جھنڈا اتارنے کے لیے زور دینے کے لیے مظاہرے کر رہے ہیں۔ ان کا مؤقف ہے کہ یہ جھنڈا نسل پرستی اور غلامی کی علامت ہے۔

جنوبی کیرولائنا میں کچھ لوگ کئی سال سے یہ جھنڈا اتارنے کا مطالبہ کرتے رہے ہیں، مگر اسے لہراتے رہنے کے حق میں بھی متعدد مظاہرے ہو چکے ہیں۔

ریاست میں کئی افراد کنفڈریٹ جھنڈے کو اس وقت ستون کے اوپر لہراتا ہوا دیکھ کر صدمے کا شکار ہوئے جب امریکہ اور جنوبی کیرولائنا کے پرچم حملے کے متاثرین کے سوگ میں سرنگوں کر دیے گئے تھے۔

صدر اوباما نے بھی چرچ کے ہلاک ہونے والے پادری اور ریاست کے سینیٹر کلیمینٹا پنکنی کو خراج عقیدت پیش کرنے کے دوران اس جھنڈے کا ذکر کرتے ہوئے کہا تھا کہ اسے اتارنے کا مطلب کنفڈریٹ سپاہیوں کی بہادری کی توہین کرنا نہیں، بلکہ اس بات کو تسلیم کرنا ہے کہ جس مقصد کے لیے وہ لڑ رہے تھے، یعنی غلامی کو برقرار رکھنے کی جدوجہد، وہ غلط تھی۔

کنفڈریٹ علامات

امریکہ کی خآنہ جنگ میں ملک غلامی کے حامیوں اور غلامی کی مخالفت کرنے والوں میں تقسیم ہو گیا تھا۔ جنگ میں لڑنے والے کنفڈریٹ ہیروؤں کے مجسمے اور ان کی یادگاریں اب بھی مختلف ریاستوں کے دارالحکومتوں میں اس دور کے ورثے کی یاد دلاتی ہیں۔ عوام اس دور میں غلامی کے حامیوں کی طرف سے استعمال کیے جانے والے کنفڈریٹ جھنڈے والی خصوصی لائسنس پلیٹیں بھی بنوا سکتے ہیں۔ ان ریاستوں میں متعدد اسکول اور سڑکیں کنفڈریٹ ریاستوں کے سیاستدانوں اور جرنیلوں سے موسوم ہیں۔

جنوبی کیرولائنا اور دیگر ریاستوں میں کنفڈریٹ جھنڈے کے حامیوں کا کہنا ہے کہ یہ تاریخ، فخر اور خاندانی ورثے کی علامت ہے اور غلامی کے مسئلے سے نہیں جڑا۔

تاہم جھنڈے کے مخالفین کا کہنا ہے کہ ہم اس حقیقت سے بچ نہیں سکتے کہ یہی جھنڈا ایک زمانے میں غلامی برقرار رکھنے کی جنگ کی علامت تھا، اور اب بھی سفید فاموں کی برتری کے تصور کی یاد دہانی کراتا ہے۔

XS
SM
MD
LG