رسائی کے لنکس

نوالنی کو زہر دینے کا الزام، امریکہ نے کئی روسی عہدے داروں پر پابندیاں عائد کر دیں


الیکسی نوالنی (فائل فوٹو)
الیکسی نوالنی (فائل فوٹو)

امریکہ نے روس میں حزبِ اختلاف کے اہم رہنما الیکسی نوالنی کو مبینہ طور پر زہر دینے کی سازش کے الزام میں روس کے بعض حکومتی عہدے داروں پر پابندیاں عائد کر دی ہیں۔

بائیڈن انتظامیہ نوالنی کے قتل کی سازش کا الزام روسی صدر پر عائد کرتی رہی ہے تاہم امریکہ نے اُن پر پابندی عائد نہیں کی۔

ماہرین ان امریکی پابندیوں کو محض علامتی قرار دے رہے ہیں۔ قبل ازیں یورپی یونین کے کئی ملک بھی اس معاملے پر روسی حکام پر پابندیاں عائد کر چکے ہیں۔

روسی وزیر خارجہ سرگے لاوروف نے امریکہ کے اس اقدام کے بعد خبردار کیا ہے کہ روس اس معاملے پر جوابی اقدامات اُٹھائے گا۔ روس کے وزارتِ خارجہ کے مطابق روس کا جواب مناسب اور برابری کی سطح پر ہو گا۔

امریکی وزارت خزانہ کی جانب سے جن روسی عہدے داروں پر پابندیاں عائد کی گئی ہیں ان میں روسی ایف ایس پی انٹیلی جنس ایجنسی کے ڈائریکٹر، روسی صدر کے سرکاری دفتر کریملن کی ڈومیسٹک پالیسی ڈائریکٹوریٹ کے چیف اور روس کی وزارتِ دفاع کے اہلکار بھی شامل ہیں۔

امریکہ نے اُن بعض روسی اداروں اور وہاں مامور اہلکاروں پر بھی پابندیاں عائد کر دی ہیں جو کیمیائی اور حیاتیاتی ہتھیاروں کے منصوبوں سے وابستہ ہیں۔

بعض تجزیہ کاروں کا خیال ہے کہ امریکہ کے ان اقدامات سے تلخی مزید بڑھے گی۔
بعض تجزیہ کاروں کا خیال ہے کہ امریکہ کے ان اقدامات سے تلخی مزید بڑھے گی۔

امریکی انتظامیہ کے ایک سینئر افسر نے وائس آف امریکہ سے بات کرتے ہوئے کہا کہ "ہم روس کو ایک واضح پیغام پہنچا رہے ہیں کہ کیمیائی ہتھیاروں کے استعمال کے نتائج ہوں گے۔"

واضح رہے کہ روس کے حزبِ اختلاف کے سینئر رہنما اور حکومت کے ناقد 44 سالہ الیکسی نوالنی کو بے ہوشی کی حالت میں گزشتہ سال اگست میں روس سے جرمنی منتقل کیا گیا تھا۔

الیکسی نوالنی سائبیریا سے ماسکو آتے ہوئے جہاز میں بے ہوش ہو گئے تھے۔

ان کے قریبی ساتھیوں نے انہیں مبینہ طور پر زہر دینے کے الزامات عائد کیے تھے۔ اس حوالے سے نوالنی کے حامیوں کی جانب سے روسی صدر ولادی میر پوٹن پر بھی الزامات عائد کیے جاتے رہے ہیں۔ تاہم پوٹن انتظامیہ ان الزامات کی تردید کرتی رہی ہے۔

امریکی حکام نے منگل کو ایک رپورٹ بھی پبلک کی تھی جس میں امریکی خفیہ ایجنسیوں کی تحقیقات کے بعد نوالنی کا زہر دینے کا ذمے دار روسی خفیہ ایجنسی فیڈرل سیکیورٹی سروسز (ایف ایس بی) کو ٹھیرایا تھا۔

بعض تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ تازہ ترین امریکی اقدامات کے بعد روس اور امریکہ کے تعلقات مزید کشیدہ ہو سکتے ہیں۔

XS
SM
MD
LG