امریکہ کی پانچ ریاستوں میں منگل کو ہونے والے پرائمری انتخابات کے نتائج مرتب کرنے کا سلسلہ جاری ہے۔
ریاست ایری زونا میں ووٹرز کی بڑی تعداد نے اس سال نومبر میں شیڈول صدارتی انتخابات سے قبل پارٹی امیدواروں کے مابین پرائمری مقابلوں میں اپنا حقِ رائے دہی استعمال کیا۔
خبر رساں ادارے 'ایسوسی ایٹڈ پریس' کے مطابق اس ریاست میں ووٹنگ کی شرح کا نیا ریکارڈ قائم ہو سکتا ہے۔
کرونا وائرس کے باعث نئے طریقہ کار اور ووٹ ڈالنے کے مقامات میں تبدیلی کے باوجود کسی ناخوشگوار واقعے کی اطلاع موصول نہیں ہوئی۔
اس ریاست میں سینیٹ کی نشست پر ہونے والے پرائمری مقابلے میں ری پبلکن سینیٹر مارتھا مک سیلی اور ڈیموکریٹک پارٹی کے مارک کیلی امیدوار ہیں۔
مارک کیلی سابق خلانورد ہیں جب کہ ایری زونا سے تعلق رکھنے والے سابق سینیٹر جان مکین کی وفات کے بعد مارتھا مک سیلی کو 2018 میں اس نشست کے لیے نامزد کیا گیا تھا۔
ریاست ایری زونا کے ایوانِ نمائندگان کے پرائمری انتخابات میں ایک خالی ریستوران میں بھی پولنگ اسٹیشن قائم کیا گیا تھا۔ انتخابی عملے نے ماسک اور دستانے پہن رکھے تھے جب کہ وائرس سے بچاؤ کے دیگر انتظامات بھی کیے گئے تھے۔
ریاست میں ووٹنگ کے دوران ہجوم سے بچنے کے لیے لوگوں کو ڈاک کے ذریعے ووٹنگ پر بھی مائل کیا گیا۔
خیال رہے کہ کرونا وبا کے باعث ڈاک کے ذریعے ووٹنگ کے معاملے پر ری پبلکن اور ڈیمو کریٹک پارٹی کے درمیان اختلاف رائے پایا جاتا ہے۔
صدر ڈونلڈ ٹرمپ برملا اس بات کا اظہار کر چکے ہیں کہ ڈاک کے ذریعے ووٹنگ سے جعلی ووٹ کاسٹ ہو سکتے ہیں۔
ریاست ایری زونا میں ہونے والے پرائمری انتخابات کے علاوہ کینساس میں سینیٹ کی نشست کے لیے ری پبلکن اُمیدواروں کے مابین سخت مقابلہ ہے۔
مذکورہ نشست کے لیے مجموعی طور پر 11 اُمیدوار میدان میں ہیں۔ یہ نشست ری پبلکن سینیٹر پیٹ رابرٹس کے ریٹائر ہونے کی وجہ سے خالی ہوئی تھی۔
اس کے علاوہ کینساس ریاست کے سابق سیکرٹری آف اسٹیٹ کرس کوباچ اور پلمبنگ کمپنی کے بانی باب ہیملٹن بھی اس دوڑ میں شامل ہیں۔
ادھر ریاست کینساس کے پرائمری انتخابات میں رُکن کانگریس اسٹیو ویٹکنز کو ریاست کے سابق وزیر خزانہ جیک لاٹرنر کا سامنا ہے۔
ریاست مشی گن میں ڈیمو کریٹک پارٹی سے تعلق رکھنے والی رُکنِ کانگریس راشدہ طلیب کو ڈیٹرائٹ سٹی کونسل کی صدر برینڈا جونز کا چیلنج درپیش ہے۔
اسی ریاست میں ری پبلیکن پارٹی کے ان دو نشستوں پر پرائمری الیکشن ہوئے جہاں سے دو اراکین کانگرس ریٹائر ہو رہے ہیں۔ کانگرس کے تیسرے ڈسٹرکٹ کے لیے جسٹن امیش کی نشست پر مقابلے میں پانچ امیدواروں کے درمیان مقابلہ ہوا۔ دسویں ڈسٹرکٹ میں پال مچل کی ریٹائرمنٹ سے خالی ہونے والی نشست کے لیے تین امیدواروں میں مقابلہ ہے۔
ایری زونا کے علاوہ ریاست میزوری اور واشنگٹن میں بھی ایوان نمائندگان کے پرائمری مقابلے ہوئے۔
امریکہ میں عام انتخاب اس سال تین نومبر کو ہوں گے اور کامیاب امیدوار جنوری میں اپنی نشستیں اور عہدے سنبھال لیں گے۔