رسائی کے لنکس

الی نوائے پرائمری میں رامنی کی فتح


ری پبلکن جماعت کا صدارتی امیدوار بننے کے خواہاں مٹ رامنی نے امریکی ریاست الی نوائے میں ہونے والے ری پبلکن کے پرائمری انتخاب میں سبقت حاصل کرلی ہے جس کے بعد آئندہ صدارتی انتخاب میں ان کے امیدوار بننے کے امکانات مزید روشن ہوگئے ہیں۔

آئندہ صدارتی انتخاب میں ری پبلکن جماعت کے امیدوار کے تعین کے لیے منگل کو الی نوائے میں ہونے والے پرائمری انتخاب میں ڈالے گئے تقریباً تمام ووٹوں کی گنتی مکمل ہوگئی ہے۔

نتائج کے مطابق میساچوسٹس کے سابق گورنر رومنی 47 فی صد ووٹوں کے ساتھ سرِ فہرست ہیں جب کہ ان کے قریب ترین حریف اور سابق سینیٹر رک سینٹورم 35 فی صد ووٹوں کے ساتھ دوسرے نمبر پر آئے ہیں۔

الی نوائے میں فتح کے ساتھ ہی رومنی کی انتخابی مہم کو ایک اور کامیابی فلوریڈا کے سابق ری پبلکن گورنر جیب بش کی حمایت کی صورت میں ملی ہے جنہوں نے اپنے ایک بیان میں ری پبلکن حامیوں سے اپیل کی ہے کہ وہ صدارتی امیدوار کے لیے رومنی کی پشت پناہی کریں۔

الی نوائے کا میدان فتح کرنے کے بعد ری پبلکن رہنماؤں نے جنوبی ریاستوں کا رخ کیا ہے جہاں اگلے مرحلے میں پرائمری انتخابات ہونا ہیں۔

جنوبی امریکی ریاستوں کا شمار نسبتاً قدامت پسند علاقوں میں ہوتا ہے اور یہاں رومنی کو سینٹورم سے سخت مقابلہ درپیش ہے جنہیں قدامت پسند ری پبلکن کی حمایت حاصل ہے۔

سینٹورم اپنی انتخابی مہم کے سلسلے میں بدھ کو جنوبی ریاست لوزیانا میں مختلف تقریبات میں شریک ہوں گے جہاں ہفتے کو پرائمری ووٹنگ ہونی ہے۔ جب کہ رومنی بدھ کو ریاست میری لینڈ میں انتخابی مہم میں مصروف ہوں گے جہاں اپریل کے آغاز میں پرائمری انتخاب ہوگا۔

دریں اثنا، ری پبلکن کا صدارتی امیدوار بننے کی دوڑ کے تیسرے اہم شریک نیوٹ گنگرچ نے ری پبلکن کے بعض حلقوں کی جانب سے سینٹورم کے حق میں دستبردار ہونے کے مطالبات کو مسترد کردیا ہے۔

گنگرچ بھی بدھ کو لوزیانا میں مختلف انتخابی سرگرمیوں میں شریک ہوں گے۔

ری پبلکن جماعت کا نامزد امیدوار نومبر میں ہونے والے صدارتی انتخاب میں صدر براک اوباما کا مقابلہ کرے گا جو مسلسل دوسری مدتِ صدارت کے لیے ڈیموکریٹ کے امیدوار ہیں۔

XS
SM
MD
LG