امریکی صدربراک اوباما نے کہاہے کہ امریکیوں کو گیارہ ستمبر 2001ء کی دہشت گردی کا نشانہ بننے والوں کو یاد رکھنے کے لیےامدادی سرگرمیوں میں حصہ لینا چاہیے۔
دو ہفتوں کے بعد امریکہ میں نائین الیون کے دہشت گرد حملوں کی 10 برسی منائی جارہی ہے۔ ہفتے کے دن، مسٹر براک اوباما نے قوم سے اپنے ہفتہ وار خطاب میں کہا کہ یہ دن دہشت گردی میں ہلاک ہونے والوں کو یاد کرنے اوران کے لیےدعا کا قومی دن ہے۔
آج سے تقریباً دس سال قبل اس وقت لگ بھگ تین ہزار افراد ہلاک ہوگئے تھے جب دہشت گردوں نے مسافر طیارے اغوا کرکے انہیں نیویارک کی دوبلندوبالاعمارتوں اور پینٹاگان سے ٹکرا کرتباہ کردیا تھا۔جب کہ ہائی جیک کیا جانے والا چوتھا طیارہ مشرقی ریاست پنسلوانیا کے علاقے میں زمین پرگر کرتباہ ہوگیاتھا۔
مسٹر اوباما نے کہاکہ وہ اور خاتون اول مشیل اوباما واشنگٹن میں ایک مقامی سروس میں شرکت کریں گے اور ہر طیارے کی تباہی کے مقام پر ہلاک ہونے والوں کی یاد میں منعقد کی جانے والی تقریب میں شامل ہوں گے۔
حزب اختلاف ری پبلیکنز پارٹی کی جانب سے ہفتے وار خطاب میں سینیٹر ڈین ہیلر نے ملکی معیشت کو اپنی گفتگو کا موضوع بناتے ہوئے صدر اوباما پر تنقید کی ۔ انہوں نے کہا کہ ا وباما انتظامیہ کی پالیسیوں کی باعث ملک میں بے روزگاری بڑھ رہی ہے۔
اس وقت ملک میں بے روزگاری کی سطح بدستور نو فی صد سے زیادہ جو گذشتہ دوسال سے زیادہ عرصے سے چلی آرہی ہے۔