رسائی کے لنکس

امریکی خاتونِ اول مشیل اوباما کا دورہ افریقہ جاری


امریکی خاتونِ اول مشیل اوباما کا دورہ افریقہ جاری
امریکی خاتونِ اول مشیل اوباما کا دورہ افریقہ جاری

امریکی خاتونِ اول مشیل اوباما اپنے جنوبی افریقہ کے دورے کے آخری دن جمعرات کے روز امن کے نوبیل انعام یافتہ ڈیسمنڈ ٹوٹو سے کیپ ٹاؤن میں ملاقات کر یں گی۔

مشیل اوباما نے کشتی کے ذریعے ’روبن آئی لینڈ‘ جیل بھی جانا تھا جہاں جنوبی افریقہ کے سابق صدر نیلسن منڈیلا 18 برس تک قید رہے تھے۔ لیکن تیز ہواؤں کے باعث اُن کا یہ دورہ منسوخ کردیا گیا۔ اس سے قبل منگل کے روز امریکی خاتونِ اول نے نیلسن منڈیلا سے ان کی جوہانسبرگ میں واقع رہائش گاہ پر ملاقات کی تھی۔

گزشتہ روز مشیل اوباما نے نوجوان افریقی خواتین کے ایک گروپ سے سوویٹو کے تاریخی ریجائنہ مونڈی گرجا میں ایک جذباتی خطاب بھی کیا تھا جو جنوبی افریقہ میں نسل پرستی کے خلاف چلنے والی تحریک کا ایک اہم مرکز تھا۔

امریکی خاتونِ اول اور ان کے اہلِ خانہ جمعہ کے روز جنوبی افریقہ سے پڑوسی ملک بوٹسوانا روانہ ہوجائیں گے جہاں ہفتے کے روز وہ جنگل کی سیر کریں گے۔

امریکی خاتونِ اول نوجوان قیادت، تعلیم اور صحت کی اہمیت کو اجاگر کرنے کے لیے جنوبی افریقہ اور بوٹسوانا کے ایک ہفتہ طویل دورے پر ہیں۔

مشیل اوباما یہ دورہ اپنے خاوند کے بغیر کر رہی ہیں ، تاہم ان کے ہمراہ ان کی دونوں صاحبزادیاں اور دیگر اہلِ خانہ بھی ہیں۔

XS
SM
MD
LG