رسائی کے لنکس

70 کروڑ ڈالر کی امریکی امداد منجمد کرنے پر اتفاق


70 کروڑ ڈالر کی امریکی امداد منجمد کرنے پر اتفاق
70 کروڑ ڈالر کی امریکی امداد منجمد کرنے پر اتفاق

امریکہ کی سینٹ اور کانگریس کے ایک پینل نے پاکستان کو دی جانے والی 70 کروڑ ڈالر کی امداد منجمد کرنے پر اتفاق کیا ہے ۔

پینل کا کہنا ہے کہ یہ امداد اس وقت تک بحال نہ کی جائے جب تک پاکستان خطے میں دیسی ساختہ بموں کے عدم پھیلاؤ کی کوشش میں تعاون کی یقین دہانی نہیں کراتا۔

پاکستان امریکہ سے امداد حاصل کرنے والا ایک بڑا ملک ہے اور پینل کے تازہ فیصلہ کے تحت روکی جانے والی امداد ہرسال فراہم کی جانے والی سول اور فوجی اعانت کا محض کچھ حصہ بنتی ہے۔

لیکن ایک ایسے وقت جب پاکستان پر عسکریت پسند گروپوں کے خلاف کارروائیوں میں مبینہ طور پر ناکامی کے معاملے کو لے کر امریکہ میں اس کے خلاف تادیبی اقدامات کرنے کے مطالبات بڑھتے جارہے ہیں، یہ تازہ اقدام امریکی امداد میں مزید کٹوتیوں کا پیش خیمہ ثابت ہو سکتا ہے۔

دیسی ساختہ بم افغانستان میں امریکی اور اتحادی فوجیوں کے خلاف طالبان شدت پسندوں کا ایک مؤثر ہتھیار ہے۔ ان بموں میں کھاد کی تیاری کے لیے استعمال ہونےو الا بنیادی جز امونیم نائٹریٹ استعمال ہوتا ہے جو کہ مبینہ طور پر پاکستان سے اسمگل ہوکر افغانستان پہنچتا ہے۔

امریکی امداد کا یہ انجماد اس دفاعی بل کا حصہ ہے جو رواں ہفتے منظور کیے جانے کی توقع ہے۔

ادھر پاکستان کے ایوان بالا یعنی سینٹ کی خارجہ امور کمیٹی کے چیئرمین سلیم سیف اللہ نے اس اقدام پر اپنے ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس سے دونوں ملکوں کے پہلے سے کشیدہ تعلقات مزید بگڑ سکتے ہیں۔

XS
SM
MD
LG