رسائی کے لنکس

'اسٹوڈنٹ ویزا فراڈ' نیو جرسی میں 21 افراد گرفتار


محکمہ ہوم لینڈ سکیورٹی کا پرچم (فائل فوٹو)
محکمہ ہوم لینڈ سکیورٹی کا پرچم (فائل فوٹو)

اس اسکینڈل سے فائدہ اٹھانے والے زیادہ تر غیر ملکیوں کا تعلق بھارت اور چین سے تھا اور وہ پہلے ہے سے عارضی قیام کے ویزے پر امریکہ میں موجود تھے تاہم وہ اپنے قیام کو طویل کرنے کے طریقوں کی تلاش میں تھے۔

امریکہ کے قانون نافذ کرنے والے عہدیداروں کا کہنا ہے کہ انھوں نے ان 21 افراد کو گرفتار کر لیا ہے جو 1,000 سے زائد غیر ملکیوں کو ایک جعلی یونیورسٹی میں کام کرنے یا تعلیم حاصل کرنے کے بہانے امریکہ میں رہنے کی مبینہ سازش میں ملوث پائے گئے۔

عہدیداروں کے مطابق یہ تمام افراد اس بات سے آگاہ تھے کہ یونیورسٹی آف نیو جرسی کے پاس نا تو کوئی استاد ہیں، نا کلاسز نا ہی کوئی ڈگری پروگرام ہے تاہم انہیں یہ بات معلوم نہیں تھی کہ یہ امریکہ کے محمکہ ہوم لینڈ سکیورٹی کی طرف سے بنائی گئی تھی۔

یہ جعلی یونیورسٹی 2012 میں ہوم لینڈ سکیورٹی کی طرف سے امریکہ میں ویزا فراڈ کو روکنے کی کوشش کے سلسلے میں قائم کی گئی تھی۔

نیو جرسی کے امریکی اٹارنی پال فشر مین نے نامہ نگاروں کو بتایا کہ جیسے ہی اس یونیورسٹی کے بارے میں بات عام ہوئی ویزا کے ایجنٹوں اور یونیورسٹی میں داخلے کے متمنی افراد نے بڑی تعداد میں اس جعلی یونیورسٹی کا رخ کیا۔

ان میں سے ایک نے پال کے سامنے تسلیم کیا کہ یہ کام ایک طویل عرصے سے جاری تھا جو کہ پیسے خرچ کر کے امریکہ میں رہنے کا ایک راستہ ہے۔ ان 21 افراد پر جو قانونی طور پر امریکہ میں مقیم ہیں پر ویزا فراڈ کے لیے سازش کرنے اور غیر ملکیوں سے رقم بٹورنے کی سازش کرنے کی فرد جرم عائد کی گئی ہے۔

اس اسکینڈل سے فائدہ اٹھانے والے زیادہ تر غیر ملکیوں کا تعلق بھارت اور چین سے تھا اور وہ پہلے ہے سے عارضی قیام کے ویزے پر امریکہ میں موجود تھے تاہم وہ اپنے قیام کو طویل کرنے کے طریقوں کی تلاش میں تھے۔

حکومتی عہدیداروں نے امریکہ کے ایک موقر اخبار 'نیویارک ٹائمز' کو بتایا کہ فی الوقت 12 لاکھ طلبا جو تعلیمی ویزے پر امریکہ میں ہیں ان میں زیادہ تر قانونی طور پر صحیح اداروں میں تعلیم حاصل کر رہے ہیں۔

امریکہ بھر میں اسٹوڈنٹ ویزا فراڈ کے کئی کیسز سامنے آئے ہیں جس کے باعث امیگریشن افسروں کو اس حوالے سے دباؤ کا سامنا ہے کہ وہ ویزا درخواست دہندگان کی چھان بین کرتے ہوئے ان کے دہشت گردی سے کسی ممکنہ تعلق کا بھی جائزہ لیں۔

XS
SM
MD
LG