رسائی کے لنکس

بوکو حرام کے خلاف کثیر ملکی ٹاسک فورس کی تشکیل اگلے ماہ


مسٹر بوہاری کا تعلق شمالی نائجیریا سے ہے، جہاں بوکو حرام سرگرم ہے۔ اُنھوں نے کہا کہ لڑائی میں کامیابی ہوئی ہے، لیکن اُنھوں نے فوری طور پر فتحیابی سے متعلق پیش گوئی کرنے سے احتراز کیا

نائجیریا کے صدر محمدو بوہاری نے کہا ہے کہ بوکو حرام کے شدت پسند گروپ سے نبردآزما ہونے کے لیے مشترکہ علاقائی ٹاسک فورس اگلے ماہ کے آخر تک تیار ہوکر میدان عمل میں شریک ہوگی۔

منگل کے روز ’وائس آف امریکہ ‘کو ایک انٹرویو میں، مسٹر بوہاری نے بتایا کہ اس ٹاسک فورس کی قیادت نائجیریا کرے گا، اور شدت پسندوں کے خلاف کارروائیوں کے لیے متعدد ہمسایہ ملکوں کی امداد سے فوجی تعینات کیے جائیں گے۔

مسٹر بوہاری کا تعلق شمالی نائجیریا سے ہے، جہاں بوکو حرام سرگرم ہے۔ اُنھوں نے کہا کہ لڑائی میں کامیابی ہوئی ہے، لیکن اُنھوں نے فوری طور پر فتحیابی سے متعلق پیش گوئی کرنے سے احتراز کیا۔
اُنھوں نے ’وائس آف امریکہ‘ کے پیٹر کلوٹی کو بتایا کہ ہم نے اُن کے کمانڈروں کو ہلاک کر دیا ہے۔

بقول اُن کے، کچھ فوجیوں کو تربیت فراہم کی گئی ہے، جب کہ کثیر ملکی مشترکہ ٹاسک فورس، جس میں شاڈ، نائجر، نائجیریا اور بینن ریپبلک شامل ہیں کا میدان جنگ میں چرچہ ہے۔ اس لیے، اسی حقیقت پسندانہ اور مؤثر طریقے سے ہی مسئلے کو حل کیا جاسکتا ہے۔

کیمرون بھی ٹاسک فورس کے لیے فوجی فراہم کرے گا۔

مسٹر بوہاری اس وقت امریکہ کے چار روزہ دورے پر ہیں۔

اُنھوں نے منگل کے روز، امریکی وزیر خارجہ جان کیری سے ملاقات کی، جس کے بعد وہ کانگریس کے ارکان سے ملیں گے اور نائجیریائی نژاد امریکیوں کی ایک ٹاؤن ہال میٹنگ سے خطاب کریں گے۔


XS
SM
MD
LG