امریکہ کے وزیر خزانہ اسٹیون منوچن نے بدھ کو کہا کہ ایران کو بوئنگ اور ائیر بس طیاروں کی فروخت کے لیے لائیسنس کے معاملے کا جائزہ لیا جا رہا ہے۔
اُنھون نے قانون سازوں سے کہا کہ وہ ایران، شام اور شمالی کوریا پر اقتصادی پابندیوں کے لیے دباؤ میں اضافہ کریں گے۔
منوچن نے ایوان نمائندگان کی' ہاؤس ویز اور مینز' کمیٹی میں سماعتوں کے دوران کہا کہ "ہم امریکی عوام کے تحفظ کے لیے ایران، شام اور شمالی کوریا پر اضافی تعزیرات عائد کرنے کے لیے اپنے دائر کار کے تحت ہر ممکن اختیار کو استعمال کریں گے۔"
انہوں نے مزید کہا کہ "میں آپ کو یقین دلاتا ہوں کہ میری توجہ سب سے زیادہ اسی بات پر ہو گی اور میں اس معاملے پر صدر سے بھی بات کروں گا۔"
تاہم انہوں نے طیاروں کی فروخت کے لیے لائیسنس کے معاملے کی وضاحت نہیں کی ہے، جو ایران کے طرف سے 2015 میں عالمی طاقتوں کے ساتھ اپنے جوہری پروگرام کو روکنے کے لیے طے پانے والے معاہدے پر عمل درآمد کے ساتھ جڑا ہوا ہے۔
ایران ائیر نے 200 امریکہ اور یورپی مسافر طیارے خریدنے پر اتفاق کیا ہے اور ان کی کل قیمت تقریباً 35 ارب سے 37 ارب ڈالر کے قریب ہے ان میں سے 80 بوئنگ، 100 ائیر بس اور 20 اے ٹی آر طیارے ہوں گے۔ ان تمام طیاروں کی فروخت کے لیے امریکی لائیسنس حاصل کرنا ضروری ہے۔