رسائی کے لنکس

’میموریل ڈے‘: جان نثار کرنے والوں کو خراج عقیدت


آرلنگٹن سیمیٹری
آرلنگٹن سیمیٹری

’آرلنگٹن نیشنل سیمیٹری‘ میں امریکی صدر براک اوباما نے امریکی فوجیوں کی خدمات کو سراہا۔ صدر نے گمنام فوجی کی قبر پر پھولوں کی چادر چڑھائی اور عراق اور افغانستان کی جنگ کے تناظر میں امریکی فوجیوں کی کارکردگی کو سراہا

پیر کو امریکہ میں ’میموریل ڈے‘ کی تعطیل کے موقعے پر متعدد تقاریب منعقد ہوئیں جن میں جنگوں میں جان نثار کرنے والوں کو خراج عقیدت پیش کیا گیا۔ اس دن کی مناسبت سے مختلف شہروں میں پیریڈ اور دیگر پروگرام منعقد ہوئے۔

میموریل ڈے کا مقصد امریکہ کے اُن فوجی جوانوں کو یاد کرنا ہے جنہوں نے امریکہ کی خاطر اپنی جان کا نذرانہ پیش کیا۔

امریکی دارالحکومت واشنگٹن کے مضافات میں واقع قبرستان ’آرلنگٹن نیشنل سیمیٹری‘ میں امریکی صدر براک اوباما نے امریکی فوجیوں کی خدمات کو سراہا۔ صدر نے گمنام فوجی کی قبر پر پھولوں کی چادر چڑھائی اور عراق اور افغانستان کی جنگ کے تناظر میں امریکی فوجیوں کی کارکردگی کو سراہا۔

صدر اوباما کا کہنا تھا کہ، ’12
سال سے فوج نے، جس میں مرد و خواتین شامل ہیں، ہماری قوم کی حفاظت کا بیڑا اٹھا رکھا ہے‘۔ اُنھوں نے کہا کہ ہم میں سے کئی لوگوں کو قربانیاں دینے والے اِن فوجیوں کے اہل خانہ اور والدین کی بلند ہمت و حوصلے کا مشکل سے ادراک ہو پائے گا، جن کا بچہ، جیون ساتھی، بھائی، بہن یا دوست جنگ میں کام آیا۔

صدر اوباما کا کہنا تھا کہ، ’افغانستان سے ہمارے فوجی دستے واپس آ رہے ہیں اور افغانستان میں ہماری جنگ بالآخر اپنے اختتام کو پہنچے گی‘۔


میموریل ڈے سے قبل صدر اوباما اتوار کے روز اچانک افغانستان پہنچے تھے۔ اُن کا کہنا تھا کہ، ’ادھر افغانستان میں ہمارے اڈوں اور امریکہ بھر میں، ہم کچھ لمحات کی خاموشی اختیار کریں گے اور ان ساتھیوں کو خراج پیش کریں گے جنہوں نے آزادی کی خاطر اپنی جان دی۔ افغانستان میں تقریباً 2,200 فوجی جوانوں نے امریکہ کی خاطر جنگ لڑتے ہوئے اپنی جان کا نذرانہ دیا۔ میں جانتا ہوں کہ آپ لوگوں نے اس جنگ میں بھرپوز شرکت کی۔ میں جانتا ہوں کہ آپ کے دل و دماغ میں اپنے ساتھیوں اور کامریڈوں کی یادیں محفوظ ہوں گی، جو اب ہم میں موجود نہیں۔ ہم ان سب کو خراج ِعقیدت پیش کریں گے اور ہمیشہ کرتے رہیں گے‘۔

اتوار کے روز امریکی دارالحکومت میں موٹر سائیکلوں کے ایک قافلے میں شامل ہزاروں موٹر سائیکل سوار سالانہ ’رولنگ تھنڈر‘ ریلی میں شریک ہوئے۔ اس ریلی کا مقصد جنگی قیدیوں کی طرف توجہ مبذول کرانا ہوتا ہے۔
XS
SM
MD
LG