ہالی وڈ فلمی صنعت کی دلکش اداکارہ میگن فاکس نے گیارہ سالہ رفاقت اور پانچ سالہ ازدواجی رشتے میں منسلک رہنے کے بعد اپنے شوہر برائن آسٹن گرین سے علیحدگی اختیار کر لی ہے۔
روزنامہ یو ایس ویکلی کے اندرونی ذرائع کی خبر کے مطابق میگن فاکس اور اداکار برائن آسٹن گرین چھ ماہ قبل ایک دوسرے سے علیحدہ ہونے کا فیصلہ کرچکے تھے۔
ان کا رشتہ حال ہی میں مسائل سے دوچار ہوا اور اختلافات شدید نوعیت تک پہنچ گئے تاہم ذرائع کو ان کی علیحدگی کی اصل وجہ معلوم نہیں ہو سکی۔
ٹرانسفارمر فلم سیریز کی دو فلموں کی مرکزی اداکارہ انتیس سالہ میگن فاکس اپنی پہلی محبت کو پانے میں کامیاب رہیں اور 2010ء میں خود سے 13 برس سینئر اداکار برائن گرین سے شادی کر لی۔
معروف اداکارہ فاکس اور گرین دو بچوں کے والدین ہیں جن میں نوح کی عمر دو سال اور بودھی کی عمر اٹھارہ ماہ ہے، جبکہ میگن فاکس ایک تیرہ سالہ سوتیلے بیٹے کی والدہ بھی ہیں۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ جوڑے کو دسمبر 2014ء کے بعد سے ایک ساتھ عوامی تقریبات میں نہیں دیکھا گیا ہے، جب میگن فاکس اپنی فلم ٹین ایجر میوٹینٹ ننجا ٹرٹل کی تشہیر میں مصروف تھیں۔ البتہ آخری بار انھیں جون میں بیورلی ہلز کے ایک ریستوران میں اکھٹے لنچ کرتے ہوئے دیکھا گیا تھا۔
ہالی وڈ کے خوبصورت جوڑے کے درمیان رومانوی تعلقات کی ابتداء اس وقت ہوئی جب 2004ء میں ایک امریکی ٹی وی ڈرامے ہوپ اینڈ فیتھ کے سیٹ پر اداکارہ کی ملاقات برائن گرین سے ہوئی، اس وقت میگن فاکس کی عمر اٹھارہ سال اور گرین تیس سال کے تھے۔
ہالی وڈ کی سپر اسٹار میگن نے اپنی محبت کا اقرار کرتے ہوئے ایک انٹرویو میں کہا تھا کہ محبت ان کے لیے سحر جیسی ہے۔
رومانوی جوڑا 2006ء میں منگنی کے رشتے میں بندھ گیا، لیکن تین سال بعد 2009ء میں یہ رشتہ ٹوٹ گیا۔ جس پر میگن نے کہا تھا کہ ایک 23 سالہ لڑکی کے لیے شادی حقیقت مندانہ فیصلہ نہیں تاہم 2010ء میں برائن گرین نے ایک بار پھر سے ادکارہ کو منگنی کی انگوٹھی پہنائی اور چوبیس روز بعد دونوں نے ہوائی میں شادی کر لی۔
برائن گرین نے اپنی شادی کے موقع پر ایک انٹرویو میں کہا تھا کہ یہ ایک بہترین آغاز ہے اور ہمیں امید ہے کہ ہم ایک دوسرے کے ساتھ کامیاب زندگی گزاریں گے۔
امریکی ماڈل اور اداکارہ میگن فاکس نے2001 ء میں ٹی وی اور فلم کے چھوٹے موٹے کرداروں کے ساتھ شو بزنس کی دنیا میں قدم رکھا جبکہ ان کی وجہ شہرت بلاک بسٹر فلم ٹرنسفارمر بنی تو بطور سلیبرٹی انھیں شائقین فلم کی طرف سے خوبصورت اداکارہ قرار دیا گیا ہے۔
2012ء میں ایف ایچ ایم کے شمارے نے ووٹنگ کے ذریعے انھیں دنیا کی پرکشش ترین خاتون قرار دیا گیا اس کے علاوہ انھوں نے معروف فیشن میگزین میکسم اور رولنگ اسٹون کے سرورق پر جگہ حاصل کی جبکہ برائن آسٹن گرین امریکی ٹی وی اے بی سی کے مشہور ڈرامے بیورلی ہلز 90210سے کامیاب قرار پائے جس میں ان کے ساتھ میگن فاکس بھی ایک مستقل کردار ادا کر رہی تھیں۔