رسائی کے لنکس

امریکی انتخابات کی پاکستانی میڈیا چینلز پر گہماگہمی


پاکستان کے سرکاری ٹی وی سمیت تمام نجی چینلز پرامریکی صدارتی انتخابات کے بارے میں تبصروں ،تجزیوں اور ماہرانہ پیش گوئیوں کا زور شور ہے۔

امریکہ میں صدارتی انتخابات ایک ایسا معاملہ ہے جس پر پوری دنیا کی نظریں لگی ہیں ۔پاکستان میں تو امریکی انتخابات کے بارے میں بہت زیادہ جوش وخروش پایا جاتا ہے۔ ٹی وی چینلز سے لے کر گلی محلوں تک جسے دیکھیں امریکی الیکشن کی باتیں کرتا دکھائی دیا۔

پاکستان کے سرکاری ٹی وی سمیت تمام نجی چینلز پرامریکی صدارتی انتخابات کے بارے میں تبصروں ،تجزیوں اور ماہرانہ پیش گوئیوں کا زور شور ہے۔ ووٹنگ کے آغاز سے قبل ہی کچھ چینلز نے خصوصی نشریات کا سلسلہ شروع کردیا تھا۔ عالمی امور کے ماہر تجزیہ نگاروں اورخصوصی سیٹس نے امریکی الیکشن کی ٹرانسمیشن میں یوں سمجھیں چارچاند لگا دئیے۔

وہائٹ ہاؤس تک رسائی کی دوڑ میں شریک ڈیموکریٹک پارٹی کی امیدوار ہلری کلنٹن اور ان کے حریف ری پبلکن پارٹی کے ڈونلڈ ٹرمپ کو اب پاکستان کا بچہ بچہ پہچانتا ہے۔

ہلری کلنٹن پاکستان میں بہت مقبول ہیں اورپاکستانیوں کی اکثریت انہیں امریکہ کا آئندہ صدر دیکھنا چاہتا ہے۔خواتین خصوصاً ہلری کے لباس،ان کی جیولری اور پروقار شخصیت سے بہت متاثر ہیں۔

دوسری جانب پاکستان میں ڈونلڈ ٹرمپ کو، اپنے مسلم مخالف بیانات کی وجہ سے غیرمقبول امریکی لیڈر سمجھا جاتا ہے۔

منگل کو ایک مقابلہ تو امریکہ کے صدارتی امیدواروں کے درمیان رہا تو ایک اور مقابلہ پاکستانی میڈیا میں بھی جاری رہا۔ ہرچینل امریکی انتخاب سے وابستہ خبر’ سب سے پہلے‘ ناظرین تک پہنچانے کے لئے ہرممکن جتن کر رہا ہے۔ اس وقت امریکی انتخابات کی خبروں کو مقامی اورسیاسی خبروں پربھی ترجیح دی جا رہی ہے۔

بعض نجی چینلز نے تو اپنے کئی کئی نمائندے پاکستان سے خصوصی طور پر انتخابی سرگرمیوں کی کوریج کے لئے امریکہ بھیجے ہوئے ہیں۔جن میں اے آر وائی، جیو نیوزسمیت کئی دیگر چینلز شامل ہیں۔

ریاست نیوہمپشائرکے تین قصبوں میں رات کے بارہ بجتے ہی ووٹ ڈالے گئے اور اس خبرکو’’اے آروائی نیوز‘‘،’’چینل نائنٹی ٹو ‘‘اور’’جیو نیوز‘‘ سمیت سب نے بریکنگ نیوز کے طور پر نشرکیا۔

پاکستانی ناظرین کے لئے یہ خبر اس لئے بھی دلچسپ تھی کہ آدھی رات کو ووٹ ڈالے گئے۔ ایک قصبے میں رجسٹرڈ ووٹرزکی تعداد ہی آٹھ تھی جن میں سے چارہلری نے حاصل کئے اوردو ڈونلڈ ٹرمپ نے۔

پاکستان میں چار بجے تو امریکہ کی مشرقی ریاستوں میں ووٹنگ کا باقاعدہ آغاز ہوا۔ ہلری کلنٹن نے نیویارک کے قریب اپنے حلقے میں ووٹ ڈالا تو پاکستان کے تمام چینلز نے انہیں ووٹ ڈالتے ہوئے براہ راست دکھایا۔

امریکی انتخابات میں پاکستانی عوام کی دلچسپی کا اندازہ اس بات سے بھی لگایا جاسکتا ہے کہ بہت سے پاکستانیوں نے نتائج جاننے کے لئے رات بھرجاگ کر ٹی وی کے سامنے گزارنے کا پروگرام بھی بنالیا جب کہ بدھ کو پاکستان میں چھٹی نہیں بلکہ ورکنگ ڈے ہے ۔

الیکٹرونک میڈیا کے ساتھ ساتھ پرنٹ میڈیا میں بھی امریکی انتخابات خاص موضوع ہیں۔ انتخابات سے متعلق روزمرہ کی خبروں کے ساتھ ساتھ اردو اورانگلش کے بلاگرز بھی امریکی انتخابات کو اپنے اپنے انداز سے دیکھ کر ان پر تبصرہ کر رہے ہیں۔ تمام اخبارات نے انتخابات کے حوالے سے منگل کی اشاعت میں خصوصی صفحات جاری کئے۔

’ڈان نیوز‘ اور دیگرنیوز ویب سائٹس پر ہلری کلنٹن اور ڈونلڈ ٹرمپ کے خاکوں کے ذریعے بھی امریکی انتخاب پر تبصرہ کیا گیا۔

امریکی خلا نورد شین کمبرو اس وقت خلا میں موجود ہیں، لیکن انہوں نے بھی امریکہ کے صدارتی چناؤمیں حصہ لیا اورخلاسے ووٹ کاسٹ کیا۔ شین کی خلاسے ووٹ کاسٹ کرنے کی خبر بھی پاکستانی نیوز چینلز کی ہیڈلائنز کا حصہ بنی اوردلچسپی کا باعث رہی۔

XS
SM
MD
LG