رسائی کے لنکس

امریکی معیشت میں 2 لاکھ 92 ہزار نئی ملازمتوں کا اضافہ


محکمہٴ محنت کے جاری کردہ اعداد و شمار ظاہر کرتے ہیں کہ ملازمین کی اجرتوں میں گزشتہ پورے سال کے دوران 2.5 فیصد کی شرح سے اضافہ ہوا ہے

امریکی معیشت میں ماہ دسمبر کے دوران 2 لاکھ 92 ہزار نئی ملازمتوں کا اضافہ ہوا، جو اس بات کا اشارہ ہے کہ دنیا کی سب سے بڑی معیشت ٹھوس بنیادوں پر نمو پا رہی ہے۔

جمعہ کو امریکی محکمہٴ محنت کی جاری کردہ رپورٹ کے مطابق، بیروزگاری کی شرح مسلسل تیسرے ماہ بھی 5 فیصد کی شرح پر قائم رہی۔

محکمہٴ محنت کے جاری کردہ اعداد و شمار ظاہر کرتے ہیں کہ ملازمین کی اجرتوں میں گزشتہ پورے سال کے دوران 2.5 فیصد کی شرح سے اضافہ ہوا ہے۔

ماہ دسمبر کے دوران ملازمتوں میں اضافہ ماہرین معاشیات کی توقع سے کہیں زیادہ ہے۔ خدمات، تعمیرات، صحت کی دیکھ بھال اور ریستوراں کے شعبوں میں لاکھوں نئے کام کرنے والے شامل ہوئے۔ کان کنی کے شعبے جس میں تیل کی صنعت بھی شامل ہے تیل کی گرتی ہوئی قیمتوں کے باعث ملازمتوں کے مواقع بدستور کم ہوتے چلے گئے۔

گرچہ رپورٹ ماہرین معیشت کی پیشن گوئی سے کہیں بہتر ہے اس کے باجود امریکہ میں 79 لاکھ افراد کو اب بھی ملازمت دستیاب نہیں اور 60 لاکھ لوگ صرف جز وقتی ملازمت پر گزارہ کر رہے ہیں۔

XS
SM
MD
LG