برما کے لیے نئے خصوصی امریکی ایلچی ڈیرِک میچل بدھ کو اس ایشیائی ملک کے پہلے دورے پر روانہ ہو رہے ہیں۔
امریکی محکمہ خارجہ کا کہنا ہے کہ میچل برما میں حکومتی عہدے داروں کے ساتھ ساتھ سیاسی جماعتوں کے رہنماؤں اور سول سوسائٹی کے نمائندوں سے بھی ملاقاتیں کریں گے۔
محکمہ خارجہ نے دورے کو اس امریکی پالیسی کا حصہ قرار دیا ہے جس کا مقصد برما میں اصلاحات، مفاہمتی عمل اور ترقی ہے، جن سے وہاں کے عوام مستفید ہوں گے۔
میچل جمعہ کو برما کے دارالحکومت نیپیدو جائیں گے جس کے بعد وہ ملک کے سب سے بڑے شہر رنگون میں اپنی ملاقاتوں کا سلسلہ جاری رکھیں گے۔
دورہِ برما مکمل کرنے کے بعد امریکی ایلچی تھائی لینڈ اور انڈونیشیا میں حکام سے برما کی صورت حال پر بات چیت کریں گے۔