امریکہ نے گذشتہ سال نیویارک میں ٹائمز اسکوائر پر ناکام بم حملے کی سازش میں نادانستہ طور پر ملوث پاکستانی شہری کو ملک بدر کردیا ہے۔
امریکی حکام نے آفتاب علی خان کو اتوار کو بوسٹن سے اسلام آباد جانے والی پرواز پر سوار کرا یا۔ اس نے امیگریشن کے کاغذات میں جعل سازی اور رقم کی غیر قانونی ترسیل میں ملوث ہونے کا اعتراف کیا تھا جس کے بعداسے ملک بدر کرنے کا حکم سنایا گیا۔
حکام کے مطابق 28سالہ آفتاب نے بم حملے کی ناکام کوشش کرنے والے فیصل شہزاد کو چار ہزار نو سو ڈالر فراہم کیے تھے۔
فیصل شہزاد پاکستانی نژاد امریکی شہری ہے اور اس نے گذشتہ سال مئی میں تین الگ الگ کاروں میں بم لگا کر ٹائمز اسکوائرپر دھماکے کرنے کی کوشش کی تھی جسے اہلکاروں نے ناکارہ بنا کر اسے گرفتار کرلیا تھا۔
امریکہ نے آفتاب خان پر اس سازش میں ملوث ہونے اور فراہم کی گئی رقم کے بارے میں فیصل شہزاد کے عزائم سے متعلق واقفیت کا الزام نہیں لگایا۔
آفتاب کی ملک بدری اس سمجھوتے کا حصہ ہے جس میں اس نے قبول کیا تھا کہ اس نے امریکی تفتیش کاروں سے غلط بیانی کی تھی۔
فیصل شہزاد کو اس سازش کے مقدمے میں عمر قید کی سزا سنائی جاچکی ہے۔
یہ بھی پڑھیے
مقبول ترین
1