رسائی کے لنکس

”تحقیقات میں امریکہ سے تعاون کے عزم کا اعادہ“


”تحقیقات میں امریکہ سے تعاون کے عزم کا اعادہ“
”تحقیقات میں امریکہ سے تعاون کے عزم کا اعادہ“

وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی نے جمعہ کو لاہور میں صحافیوں سے باتیں کرتے ہوئے پاکستان کے اس عزم کو دہرایا کہ نیویارک کے ٹائمز اسکوائر میں کار بم دھماکے کی کوشش کے ضمن میں جاری تحقیقات کے حوالے سے امریکہ کے ساتھ مکمل تعاون کیا جائے گااور اگر ضرورت پڑی تو اس بارے میں معلومات کا تبادلہ بھی کیا جائے گا۔

پاکستانی وزیر خارجہ کے بقول یہ امر خوش آئندہ ہے کہ دھماکا کرنے کی یہ گھناؤنی کوشش ناکام ہوئی بصورت دیگر اُن کے بقول بہت سی معصوم جانیں ضائع ہو سکتی تھیں ۔

واضح رہے کہ امریکی حکام نے دھماکا کرنے کی اس کوشش کے الزام میں پاکستانی نژاد امریکی شہری فیصل شہزاد کو گرفتار کررکھا ہے جس نے مبینہ طور پر اعتراف جرم بھی کر لیا ہے ۔ 30 سالہ فیصل شہزاد کا تعلق صوبہ خیبر پختون خواہ سے ہے اور وہ پاکستان ائیر فورس کے ریٹائرڈ ائیروائس مارشل بہار الحق کا بیٹا ہے۔

اس مشتبہ دہشت گرد کی گرفتاری کے بعد سے مقامی اور بین الاقوامی میڈیا میں مسلسل یہ اطلاعات شائع ہو رہی ہیں کہ فیصل شہزاد کے بعض رشتہ داروں اور دوستوں کو پاکستان میں حراست میں لیاگیا ہے۔ لیکن پاکستان کے فوجی اور سول حکام ان اطلاعات کو مستر کر رہے ہیں ۔

اس بارے میں پوچھے گئے ایک سوال کے جواب میں وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ ابھی اس بارے میں کچھ کہنا قبل از وقت ہے اور اُن کے بقول میڈیا میں اس حوالے سے شائع ہونے والی خبریں ” قیاس آرائی ، مبالغہ آرائی اور اندازے“ ہیں ۔ شاہ محمود قریشی نے کہا جب کہ تحقیقات مکمل نہیں ہو جاتیں اور امریکہ پاکستان کے ساتھ معلومات کا تبادلہ نہیں کرتا اس معاملے کے بارے کچھ کہنا ”مبالغہ آرائی“ ہو گی۔

دریں اثناء وزیر داخلہ رحمن ملک جو ان دنوں چین کے دورے پر ہیں جمعہ کو بیجنگ میں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ اُنھیں یقین ہے کہ نیویارک میں دہشت گردی یہ کوشش ایک شخص کی کارروائی نہیں ہوسکتی ۔ رحمن ملک نے یہ بھی کہا کہ اس واقع میں پاکستانی طالبان کے ملوث ہونے کوئی شواہد اب تک نہیں مل سکے ہیں۔

XS
SM
MD
LG