امریکہ نے منگل کو کابل میں ہونے والے حملے کی ’’شدید ترین‘‘ الفاظ میں مذمت کی ہے، جس میں درجنوں افراد ہلاک و زخمی ہوئے ہیں۔
ایک بیان میں، محکمہٴ خارجہ کے ترجمان، جان کِربی نے کہا ہے ’’ہم ہلاک ہونے والوں کے اہل خانہ کے ساتھ دل کی گہرائی سے تعزیت کرتے ہیں‘‘ اور زخمیوں کی جلد صحتیابی کے دعاگو ہیں۔
اطلاعات کے مطابق، کابل میں افغان سکیورٹی فورس کے دفتر پر طالبان کے حملے میں کم از کم 30 افراد ہلاک، جب کہ 300 سے زائد زخمی ہوئے ہیں۔
ترجمان نے کہا کہ اس حملے سےافغان عوام کے خلاف طالبان اور دیگر پُرتشدد انتہا پسندوں کی جانب سے نقصان پہنچانے کے حربوں کی نشاندہی ہوتی ہے۔
جان کربی نے کہا کہ ’’اِس قسم کے حملوں سے عوام اور حکومتِ افغانستان کے لیے ہماری حمایت کا عزم مزید پختہ ہوتا ہے، اور ساتھ ہی افغانستان میں سلامتی اور استحکام لانے کی کوششوں میں تیزی آتی ہے‘‘۔