رسائی کے لنکس

روس میں سیکڑوں مظاہرین کی گرفتاری پر امریکہ کی 'شدید مذمت'


امریکہ نے روس میں حزب مخالف کے ایک راہنما سمیت سیکڑوں مظاہرین کو حراست میں لیے جانے کی "شدید مذمت" کی ہے۔

اتوار کو روسی حزب مخالف کے راہنما الیکسی نوالنی کی اپیل پر ملک کے مختلف شہروں میں ہزاروں افراد سڑکوں پر نکل آئے اور روس کی اشرافیہ کی مبینہ بدعنوانی کے احتساب کا مطالبہ کیا۔

ماسکو کے پشکن اسکوائر کے قریب جمع ہونے والے مظاہرین میں سے پولیس نے لگ بھگ 500 افراد کو یہ کہہ کر تحویل میں لے لیا کہ یہ لوگ یہاں بغیر اجازت کے مظارہ کر رہے تھے۔

امریکہ کے محکمہ خارجہ کے قائم مقام ترجمان مارک ٹونر نے ایک بیان میں کہا کہ "پرامن مظاہرین، انسانی حقوق کے مبصرین اور صحافیوں کو حراست میں لیا جانا بنیادی جمہوری اقدار کی توہین ہے۔"

ان کا کہنا تھا کہ 2018ء میں صدارتی انتخاب میں حصہ لینے کا ارادہ رکھنے والے نوالنی کی گرفتاری پر امریکہ کو "تشویش" ہے۔

پولیس نوالنی کو تحویل میں لے کر گاڑی میں منتقل کر رہی ہے
پولیس نوالنی کو تحویل میں لے کر گاڑی میں منتقل کر رہی ہے

نوالنی کریملن کے ایک بڑے ناقد ہیں، انھیں اس وقت حراست میں لیا گیا جب وہ ماسکو میں ہونے والی ریلی میں شرکت کے لیے پہنچے۔ اطلاعات کے مطابق یہاں سیکڑوں مظاہرین موجود تھے۔

یہ 2011، 2012ء میں پارلیمانی انتخابات میں بدعنوانی کی خبروں کے بعد روس میں ہونے والے مظاہروں کے بعد سب سے زیادہ منظم مظاہرے تصور کیے جا رہے ہیں۔

مظاہرے میں شریک ایک خاتون الینا کا کہنا تھا کہ "یہ ہم سب کے لیے بہت اہم موقع ہے۔ ہم سب یہاں بطور شہری اپنی پوزیشن کا اظہار کرنے آئے ہیں۔"

پشکن اسکوائر پر جمع مظاہرین
پشکن اسکوائر پر جمع مظاہرین

ایک اور شخص میکسم نے کہا کہ "اپنی یہاں موجودگی سے میں بتایا چاہتا ہوں کہ میں اس اقتدار کی قوت کی بدعنوانی کے خلاف کھڑا ہوں۔ ایسا لگتا ہے حکام اپنے عوام سے بات نہیں کرنا چاہتے، وہ طاقت کے حربوں سے ہی بات کر رہے ہیں۔"

رواں ماہ ہی ایک رپورٹ شائع ہوئی تھی جس میں وزیراعظم دمتری میدویدف پر الزام عائد کیا گیا تھا کہ انھوں نے غیر سرکاری تنظیموں کے ایک مبہم نیٹ ورک کے ذریعے بہت سی مراعات جمع کیں۔

اس رپورٹ کے منظر عام پر آنے کے بعد نوالنی نے احتجاجی مظاہروں کی اپیل کی تھی۔ وڈیو شیئرنگ کی معروف سائیٹ 'یوٹیوب' پر اس رپورٹ کو ایک کروڑ دس لاکھ مرتبہ دیکھا جا چکا ہے۔

نوالنی نے اپنی ویب سائٹ پر کہا تھا کہ روس کے 99 شہروں میں مظاہروں کا منصوبہ تیار کیا گیا لیکن ان میں سے 72 میں حکام نے ان کی اجازت نہیں دی۔

روس کے سرکاری میڈیا پر ان مظاہروں کی بہت ہی کم کوریج کی گئی۔ تاس پر ایک مختصر رپورٹ میں کہا گیا کہ ماسکو میں ہونے والی ایک "غیرقانونی" ریلی کے دوران ایک پولیس اہلکار زخمی ہو گیا۔

XS
SM
MD
LG