رسائی کے لنکس

ترکی میں امریکی سفارت خانہ بند، شہریوں کو محتاط رہنے کی ہدایت


انقرہ میں واقع امریکی سفارت خانے کا ایک منظر جہاں سکیورٹی سخت کردی گئی ہے (فائل فوٹو)
انقرہ میں واقع امریکی سفارت خانے کا ایک منظر جہاں سکیورٹی سخت کردی گئی ہے (فائل فوٹو)

اپنے بیان میں امریکی سفارت خانے نے ترکی میں موجود امریکی شہریوں کو ہجوم میں جانے اور سفارت خانے کی عمارت کے نزدیک آنے سے گریز کا مشورہ دیا ہے۔

امریکہ نے سکیورٹی خدشات کی بنیاد پر ترکی کے دارالحکومت انقرہ میں موجود اپنا سفارت خانہ بند کردیا ہے اور ترکی میں موجود امریکی شہریوں کو محتاط رہنے کی ہدایت کی ہے۔

اتوار کو انقرہ میں واقع امریکی سفارت خانے کی جانب سے جاری ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ سفارت خانہ پیر کو بند رہے گا اور صرف ہنگامی سہولتیں ہی فراہم کی جائیں گی۔

بیان کے مطابق پیر کو ہونے والے تمام ویزہ انٹرویو اور معمول کی دیگر مصروفیات منسوخ کردی گئی ہیں۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ سفارت خانہ دوبارہ کھلنے اور سفارتی خدمات کی بحالی سے متعلق اعلان بعد میں کیا جائے گا۔

اپنے بیان میں امریکی سفارت خانے نے ترکی میں موجود امریکی شہریوں کو ہجوم میں جانے اور سفارت خانے کی عمارت کے نزدیک آنے سے گریز کا مشورہ دیا ہے۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ امریکی شہری معروف سیاحتی مراکز اور پرہجوم مقامات پر اپنی سکیورٹی کے متعلق ہوشیار رہیں۔

انقرہ کے گورنر کے دفتر سے جاری ہونے والے ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ بعض امریکی ذرائع سے ملنے والی انٹیلی جنس اطلاعات کے مطابق امریکی سفارت خانے یا ان مقامات پر دہشت گرد حملے کا خدشہ ہے جہاں امریکی شہری قیام پذیر ہوں۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ ان اطلاعات کے بعد سکیورٹی کے اضافی اقدامات کیے جارہے ہیں۔

ترکی میں واقع امریکی سفارت خانہ اور قونصل خانے اس سے قبل بھی سکیورٹی خدشات کی بنیاد پر بند کیے جاتے رہے ہیں۔

امریکی حکام نے تاحال حالیہ خطرے کی تفصیل نہیں بتائی ہے۔

XS
SM
MD
LG