رسائی کے لنکس

صدر بائیڈن اور صدر شی اگلے ہفتے ورچوئل ملاقات کریں گے، میڈیا رپورٹس


فائل فوٹو
فائل فوٹو

امریکی صدر جو بائیڈن اور ان کے چینی ہم منصب شی جن پنگ اگلے ہفتہ متوقع طور پر ایک ورچوئل ملاقات میں بات چیت کریں گے۔

جمعرات کو چھپنے والی میڈیا رپورٹس کے مطابق دونوں ملکوں کے صدور کے درمیان اس آن لائن ملاقات کا فیصلہ اکتوبر میں کیا گیا تھا جب امریکہ کے قومی سلامتی کے مشیر جیک سلیون اور چین کےاعلیٰ ترین سفارتکار یانگ جییچی نے زیورخ میں باہمی تعلقات پر بات چیت کی تھی۔

خیال رہے کہ امریکہ اور چین کے دو طرفہ تعلقات میں کئی مسائل پر کشیدگی جاری ہے۔

امریکی حکام کا کہنا ہے کہ صدر بائیڈن اور صدر شی جن پنگ میں ورچوئل ملاقات کا فیصلہ اس کوشش کا حصہ ہے جس کے ذریعہ دونوں ممالک میں تجارتی، عسکری اور دوسرے معاملات پر تنازعات کی طرف جانے سے بچانا ہے۔

خبر رساں ادارے رائٹرز نے جمعرات کو ایک رپورٹ میں کہا ہے کہ وائٹ ہاوس نے اس میٹنگ پر کسی قسم کا تبصرہ کرنے سے انکار کر دیا ہے۔

وائٹ ہاوس کی ترجمان کیرین جین پیئر نے نامہ نگاروں کو پیر کے روز بتایا تھا کہ اس سال کے اواخر سے پہلے ورچوئل ملاقات کا اصولی اتفاق کر لیا گیا تھا۔

سی این این کے مطابق، امریکی نمائندہ خصوصی برائے ماحولیات جان کیری نے بدھ کو کہا تھا کہ ان کی ٹیم عالمی رہنماوں کے جلد ہونے والی ملاقات کی منصوبہ بندی کر رہی ہے۔

بدھ کو روزانہ کی اخباری بریفنگ کے دوران بیجنگ میں چین کی وزارت خارجہ کے ترجمان وانگ وینبن نے، بلوم برگ خبر رساں ادارے کے مطابق، کہا تھا کہ دونوں اطراف سے ریاست کے رہنماوں کے درمیان ملاقات کے سلسلے میں قریبی رابطہ ہے۔

بلومبرگ نے اپنی رپورٹ میں اس معاملے سے باخبر دو لوگوں کے حوالے سے کہا تھا کہ اس ورچوئل ملاقات کی تاریخ طے کرنے پر ابھی بات چیت جاری ہے۔

دریں اثنا پولیٹکو نے ایک رپورٹ میں کہا کہ اس ورچوئل ملاقات کے لیے پندرہ نومبر کی تاریخ کا عارضی طور پر انتخاب کیا گیا ہے۔

ایک امریکی اہلکار کے مطابق، صدر جو بائیڈن اور صدر شی جن پنگ نے آخری بار نو ستمبر کو ایک دوسرے سے گفتگو کی تھی، جس کے دوران انھوں نے اقتصادی، ماحولیاتی اور کووڈ نائنٹین کے معاملات پر بات چیت کی تھی۔

XS
SM
MD
LG