رسائی کے لنکس

امریکہ میں چینی کرنسی سے متعلق بل منظور


امریکی ایوان نمائندگان نے ایک بل کی منظوری دی ہے جس کا مقصد چین اور دیگر ممالک کو اپنی کرنسی کی قدر جان بوجھ کر کم رکھنے پر ان کے خلاف تادیبی کارروائی کو ممکن بنانا ہے۔

یہ بل ایسے ممالک کی اشیاء پر ٹیکس نافذ کرنے کا اختیار دیتا ہے جنھوں نے مصنوعی طور پر اپنی کرنسی کی قدر کم رکھی ہوئی ہے۔ بدھ کو ایوان نمائندگان کے 384 ارکان نے بل کے حق میں جب کہ 79 نے اس کے خلاف ووٹ ڈالے۔

بل پر ووٹنگ سے چند گھنٹے قبل چین کے مرکزی بینک نے یقین دلایا تھا کہ یوان کی قدر میں اتار چڑھاو پر کنٹرول میں نرمی لائی جائے گی۔

امریکی قانون ساز اور کاروباری شخصیات بیجنگ پر جان بوجھ کر یوان کی قدر کم رکھنے کا الزام عائد کرتے ہیں ، جس سے عالمی مارکیٹوں میں چینی مصنوعات نسبتاً سستی پڑتی ہیں۔ ان کا یہ بھی کہنا ہے کہ اس اقدام کی وجہ سے امریکہ میں پیداواری شعبے کی لاکھوں آسامیاں بھی متاثر ہوئی ہیں۔

خیال کیا جا رہا ہے کہ امریکی سینیٹ میں بھی نومبر تک ایسا ہی بل زیر غور آ سکتا ہے اور منظوری کی صورت میں اسے صدر براک اوباما کی حتمی منظوری کے لیے بھیج دیا جائے گا۔

XS
SM
MD
LG