رسائی کے لنکس

پنیٹا کی پہلی ترجیح عراق و افغانستان میں کامیابی کا حصول


پنیٹا کی پہلی ترجیح عراق و افغانستان میں کامیابی کا حصول
پنیٹا کی پہلی ترجیح عراق و افغانستان میں کامیابی کا حصول

امریکا کے نامزد وزیرِدفاع لیون پنیٹا نے کہا ہے کہ امریکی وزارتِ دفاع 'پینٹاگون' کا چارج سنبھالنے کے بعد ان کی پہلی ترجیح عراق اور افغانستان میں جاری امریکی کاروائیوں میں کامیابی کا حصول یقینی بنانا ہوگی۔

جمعرات کے روز امریکی خفیہ ایجنسی سی آئی اے کے موجودہ سربراہ پنیٹا امریکی سینیٹ کی 'آرمڈ سروسز کمیٹی' کے سامنے پیش ہوئے جو ان کی بطورِ نئے امریکی سیکریٹری دفاع تعیناتی کی سماعت کر رہی تھی۔

سماعت کے دوران پنیٹا نے اراکینِ کانگریس کو بتایا کہ امریکہ کو افغانستان میں طالبان کو پیچھے دھکیلنے، افغان سیکیورٹی فورسز کی تربیت اور افغان حکومت کو اس کی ذمہ داریاں سنبھالنے میں مدد فراہم کرنے کا عمل ہر صورت جاری رکھنا چاہیے۔

عراق کے حوالے سے سی آئی اے کے سربراہ کا کہنا تھا کہ امریکہ کو یہ بات یقینی بنانی چاہیے کہ عراقی افواج اور دیگر سیکیورٹی فورسز ا پنے ملک کی سلامتی کی ذمہ داریاں ادا کرنے کیلیے مکمل طورپر تیار ہیں جو عراق کو ان کے بقول "دنیا کے بہت ہی اہم خطے" میں ایک مستحکم جمہوری ملک بنانے کیلیے انتہائی ضروری ہے۔

پنیٹا نے کہا کہ یہ وقت "تاریخی تبدیلیوں" کا ہے۔ انہوں نے تسلیم کیا کہ امریکہ کو "بے تحاشا چیلنجز" اور "خطرناک دشمنوں" سے مقابلہ درپیش ہے تاہم ان کے بقول اس مقابلے میں پرعزم رہنے کے جواز بھی دستیاب ہیں۔

انہوں نے کہا القاعدہ رہنما اسامہ بن لادن کی ہلاکت کیلیے سی آئی اے کی سربراہی میں گزشتہ ماہ ہونے والے فوجی آپریشن کے ذریعے امریکہ کو القاعدہ کو شکست دینے کا موقع ہاتھ آیا ہے جو ان کے بقول 2001ء کے دہشت گرد حملوں کے بعد سے اس ضمن میں ملنے والا اب تک کا سب سے اہم موقع ہے۔

اگر امریکی سینیٹ نے پنیٹا کی بطورِ امریکی سیکریٹری دفاع تعیناتی کی منظوری دیدی تو وہ ایک ایسے وقت میں 'پینٹاگون' کا چارج سنبھالیں گے جب صدر براک اوباما نے دفاع کی مد میں ہونے والے اخراجات میں مزید 400 ارب ڈالرز کی کٹوتی کا عندیہ دے رکھا ہے۔

سینیٹ کمیٹی کے روبرو اپنے بیان میں پنیٹا نے دفاعی بجٹ کے حوالے سے "سخت فیصلے" کرنے کی ضرورت کا اعتراف کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ اصل چیلنج امریکی قوم کے دفاع کی بنیادی ضروریات کو پورا کرتے ہوئے اس مد میں کیے جانے والے نسبتاً غیرضروری اخراجات میں کمی لانا ہے۔

خبر رساں ایجنسی 'ایسوسی ایٹڈپریس' کے مطابق سینیٹ کمیٹی کو جمع کرائے گئے ایک سوالنامے کے جواب میں لیون پنیٹا نے کہا ہے کہ افواج کی تنخواہوں اور انہیں حاصل مراعات سمیت دفاعی بجٹ میں شامل اخراجات کی ہر مد کو تبدیلی کیلیے پیش کیا جانا چاہیے۔

امکان ظاہر کیا جارہا ہے کہ پنیٹا سینیٹ سے اپنی تقرری کی منظوری بآسانی حاصل کرلیں گے۔ طویل عرصے سے ڈیموکریٹ پارٹی سے منسلک پنیٹا موجودہ سیکریٹری دفاع رابرٹ گیٹس کی جگہ سنبھالیں گے جو رواں ماہ کے اختتام پر اپنے عہدے سے دستبردار ہورہے ہیں۔

XS
SM
MD
LG