رسائی کے لنکس

وہ بلاک بسٹر بالی وڈ فلمیں جن کے سیکوئلز کا شائقین کو انتظار ہے


جب بھی کوئی بڑی فلم ہٹ ہوتی ہے،تو شائقین اس کے سیکوئل کا بھی بے صبری سے انتظار کرنے لگتے ہیں۔ بالی وڈ میں بھی کئی بلاک بسٹر فلموں کے سیکوئلز رواں برس اور 2024 میں ریلیز کے لیے شیڈول ہیں۔

چھبیس ستمبر کو معروف فرنچائز 'فکرے' کا تیسرا پارٹ ریلیز ہونے جا رہا ہے، جس کی کاسٹ میں وہی اداکار شامل ہیں جو پہلے دونوں پارٹ میں تھے۔

رواں برس اگست میں سنی دیول کی فلم غدر کا سیکوئل بھی ریلیز ہوا تھا جس نے باکس آفس پر اچھا خاصا بزنس کیا تھا جب کہ اگست میں ہی ایوشمان کھرانا کی فلم 'ڈریم گرل ٹو' بھی ریلیز ہوئی تھی جو 100 کروڑ کلب میں ہی جگہ بنا سکی۔

اس کے علاوہ بالی وڈ میں فلم سازوں نے کئی بلاک بسٹر کے سیکوئل کے اعلان کیے ہوئے ہیں، تو چلیں جانتے ہیں کہ کون کون سی فلموں کے سیکوئل ریلیز ہونے والے ہیں۔

ویلکم 3

گزشتہ ماہ معروف بالی وڈ فلم ویلکم کے تیسرے پارٹ کی کاسٹ کا اعلان کیا گیا تھا جس کا مداحوں کو بے صبری سے انتظار تھا۔

اس فلم کی کاسٹ میں کئی معروف اداکار اکشے کمار، سنیل شیٹی، سنجے دت، ارشد وارسی، اور روینہ ٹنڈن شامل ہیں۔

ویلکم ٹو دی جنگل آئندہ برس کرسمس کے موقع پر ریلیز کی جائے گی۔

رومینٹک کامیڈی فلم ویلکم 2007 میں ریلیز کی گئی تھی جس کے بعد 2015 میں اس کا سیکوئل 'ویلکم بیک' ریلیز کیا گیا تھا۔

ہیرا پھیری تھری

رواں برس معروف کامیڈی فلم ہیرا پھیری کے سیکوئل کا اعلان کیا گیا تھا۔ تاہم فلم کی ریلیز کی تاریخ ابھی سامنے نہیں آئی ہے۔

'ہیرا پھیری' سن 2000 میں ریلیز ہوئی تھی جس میں اکشے کمار، پاریش روال، سنیل شیٹھی اور تبو نے مرکزی کردار ادا کیے تھے۔

سن 2006 میں اس کا دوسرا حصہ 'پھر ہیرا پھیری' ریلیز ہوا جس میں پرانی کاسٹ کے ساتھ بپاشا باسو، راجپال یادو سمیت دیگر نے مرکزی کردار ادا کیے تھے۔

ڈان 3

اگست میں بالی وڈ کی مشہور فلم سیریز 'ڈان' کے تیسرے حصے کا ٹیزر ریلیز ہوا تھا جس میں شاہ رخ خان کی جگہ رنویر سنگھ کو ٹائٹل رول میں کاسٹ کرنے پر خاصی تنقید بھی ہوئی تھی۔

'ڈان' 2006 میں ریلیز کی گئی تھی جس کی ہدایات فرحان اختر نے دی تھیں۔ یہ سن 1978 میں ریلیز ہونے والی امیتابھ بچن کی فلم 'ڈان'کا ری میک تھی جس میں شاہ رخ خان اور اداکارہ پریانکا چوپڑا نے مرکزی کردار ادا کیا تھا۔

بعد ازاں 2011 میں 'ڈان ٹو: دی کنگ از بیک' ریلیز کی گئی تھی جس میں شاہ رخ خان اور پریانکا چوپڑا سمیت لارا دتہ اور بمن ایرانی نے اداکاری کے جوہر دکھائے تھے۔

البتہ اب فلم کے تیسرے پارٹ میں رنویر سنگھ ڈان ہیں جب کہ دیگر کاسٹ کے نام ابھی تک سامنے نہیں آئے ہیں اور فلم کی ریلیز ڈیٹ کا اعلان بھی نہیں کیا گیا ہے۔

ٹائیگر 3

بالی وڈ کے سلطان سلمان خان کی مشہور فلم 'ٹائیگر' کا تیسرا حصہ رواں برس سنیما گھروں میں دھوم مچانے کے لیے تیار ہے۔

ایکشن اور تھرل سے بھرپور اس فلم میں سلمان خان کے ساتھ اداکارہ کترینہ کیف نظر آئیں گی جنہوں نے پہلے دونوں پارٹس میں بھی اداکاری کی تھی۔

اس حصے کی خاص بات اس میں عمران ہاشمی کی انٹری ہے جو فلم میں ولن کے روپ میں نظر آئیں گے۔

فلم کی ہدایات منیش چوپڑا نے دی ہیں جب کہ اسے ادتیا چوپڑا نے پروڈیوس کیا ہے۔
'ٹائیگر تھری' 10 نومبر کو سنیما گھروں میں پیش کی جائے گی۔

ہاؤس فل 5

اداکار اکشے کمار نے رواں برس جون میں معروف فلم سیریز ہاؤس فل کے پانچویں حصے کا اعلان کیا تھا۔
ان کے مطابق فلم آئندہ برس دیوالی کے تہوار کے موقع پر سنیما گھروں کی زینت بنے گی۔

ہاؤس فل کا پہلا پارٹ 2010 میں ریلیز کیا گیا تھا جس میں اکشے کمار کے ساتھ رتیش دیشمک، ارجن رامپال، لارا دتہ، اور دپیکا پڈوکون نے اداکاری کے جوہر دکھائے تھے۔

بعدازاں 2012 میں ہاؤس فل 2، 2016 میں ہاؤس فل 3 اور 2019 میں ہاؤس فل 4 ریلیز کی گئی تھی۔

جولی ایل ایل بی 3

'جولی ایل ایل بی' مشہور کامیڈی فلم سیریز ہے جس کا پہلا حصہ 2013 میں ریلیز ہوا تھا جس میں اداکار ارشد وارثی کے ساتھ امرتا راؤ، اور ایرانی نے اداکاری کے جوہر دکھائے تھے۔

سن 2017 میں اس فلم کا دوسرا حصہ ریلیز ہوا جس میں اداکار اکشے کمار نے جولی ایل ایل بی کا کردار نبھایا تھا ، جب کہ ہما قریشی اور انو کپور نے بھی اس میں نمایاں کردار ادا کیے تھے۔

رواں سال ارشد وارسی نے اس فلم سیریز کے پارٹ تھری کی تصدیق کی تھی جس میں وہ اور اکشے کمار دونوں ہی مرکزی کردار میں نظر آئیں گے۔

وار 2

شائقین کو اداکار ہریتک روشن کی فلم 'وار ' کا سیکویل کا بے صبری سے انتظار ہے ، فرنچائز کی پہلی فلم میں ہریتک روشن کے ساتھ ساتھ ٹائیگر شروف ایکشن میں نظر آئے تھے لیکن سیکوئل میں کون سا اداکار ان کے مدمقابل ہوگا اس بارے میں کوئی اعلان نہیں ہوا۔

بھارتی شوبز ویب سائٹ 'فلم فیئر' کے مطابق 'وار 2' ممکنہ طور پر 2025 میں ریلیز کی جائے گی۔ البتہ فلم کے پروڈیوسز کی جانب سے ریلیز کے حوالے سے باضابطہ طور پر اعلان نہیں کیا گیا ہے۔

فورم

XS
SM
MD
LG