پاکستان کرکٹ بورڈ نے ورلڈکپ 2023 کے لیے جمعے کو 15 رکنی اسکواڈ کا اعلان کر دیا ہے جس کی قیادت بابر اعظم کریں گے۔
پی سی بی کی سلیکشن کمیٹی کے سربراہ انضمام الحق نے قذافی اسٹیڈیم میں پریس کانفرنس کے دوران ٹیم کا اعلان کرتے ہوئے بتایا کہ اسکواڈ میں 15 کھلاڑی شامل ہیں جب کہ تین کھلاڑی ریزرو میں ہوں گے۔
ورلڈ کپ میں پاکستان ٹیم کی قیادت بابر اعظم کریں گے اور شاداب خان ان کے نائب ہوں گے۔
ورلڈ کپ کے لیے اعلان کردہ اسکواڈ میں تقریباً وہی کھلاڑی شامل ہیں جنہوں نے حال ہی میں ایشیا کپ کھیلا تھا۔ البتہ ان فٹ فاسٹ بالر نسیم شاہ کی جگہ حسن علی کو موقع دیا گیا ہے۔
ایشیا کپ کے سپر فور مرحلے میں پاکستان ٹیم دو میچز میں ناکامی کے بعد چوتھے نمبر پر آئی تھی اور ایونٹ میں کھلاڑیوں کی کارکردگی پر شدید تنقید کی گئی تھی۔
ورلڈ کپ کے لیے اعلان کردہ پندرہ رکنی پاکستانی اسکواڈ فخر زمان، امام الحق، عبداللہ شفیق، کپتان بابر اعظم، افتخار احمد، محمد رضوان، سعود شکیل، شاداب خان، محمد نواز، سلمان علی آغا، اسامہ میر، حارث رؤف، شاہین شاہ آفریدی، حسن علی اور محمد وسیم جونیئر پر مشتمل ہے۔
سلیکشن کمیٹی کے سربراہ کے مطابق محمد حارث، ابرار احمد اور زمان خان ریزرو کھلاڑی ہوں گے جو ٹیم کے ہمراہ بھارت جائیں گے۔
واضح رہے کہ بھارت کی میزبانی میں کرکٹ ورلڈ کپ کا باقاعدہ آغاز پانچ اکتوبر کو دفاعی چیمپئن انگلینڈ اور نیوزی لینڈ کے درمیان میچ سے ہو گا۔
ایونٹ کے آغاز سے قبل پاکستان ٹیم اپنا پہلا وارم اپ میچ 29 ستمبر کو حیدرآباد دکن میں نیوزی لینڈ کے خلاف کھیلے گی۔
پریس کانفرنس کے دوران جب صحافیوں نے سلیکشن کمیٹی کے سربراہ سے عماد وسیم اور سرفراز احمد سے متعلق سوال کیا تو ان کا کہنا تھا کہ ٹیم میں شمولیت کے لیے ہر کھلاڑی کے لیے دروازے کھلے ہیں۔ سرفراز، شان مسعود یا عماد وسیم بھی ٹیم میں شامل ہو سکتے ہیں جس کھلاڑی کی ضرورت ہو گی اسے ڈومیسٹک میں پرفارم کرنا ہو گا۔
ورلڈ کپ کا سب سے بڑا ٹاکرا پاکستان اور میزبان بھارت کے درمیان14 اکتوبر کر نریندر مودی کرکٹ اسٹیڈیم میں ہوگا۔ اس میچ کے لیے احمدآباد میں ہوٹل کے کمروں کے کرائے اور ایئر ٹکٹس مہنگے ہو گئے ہیں۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق بھارت کے مختلف شہروں سے احمد آباد کا ٹکٹ پانچ سے 12 ہزار روپے میں دستیاب ہوتا ہے جس کی قیمت میں پاک بھارت میچ کی وجہ سے 400 فی صد تک اضافہ ہو گیا ہے۔
ورلڈ کپ کے لیے اعلان کردہ اسکواڈ میں تقریباً وہی کھلاڑی شامل ہیں جنہوں نے حال ہی میں ایشیا کپ کھیلا تھا۔ البتہ ان فٹ فاسٹ بالر نسیم شاہ کی جگہ حسن علی کو موقع دیا گیا ہے۔
ایشیا کپ کے سپر فور مرحلے میں پاکستان دو میچز میں ناکامی کے بعد چوتھے نمبر پر آئی تھی اور ایونٹ میں کھلاڑیوں کی کارکردگی پر شدید تنقید کی گئی تھی۔
فورم