رسائی کے لنکس

لندن: دوسری جنگِ عظیم کا بم برآمد ہونے پر سٹی ایئرپورٹ بند


لندن سٹی ایئرپورٹ کے سامنے دریا میں پولیس اہلکار کشتی پر گشت کرر ہے ہیں (فائل فوٹو)
لندن سٹی ایئرپورٹ کے سامنے دریا میں پولیس اہلکار کشتی پر گشت کرر ہے ہیں (فائل فوٹو)

حکام کا کہنا ہے کہ بم کو ٹیمز سے نکالنے اور ناکارہ بنانے کا کام منگل کو بھی جاری رہ سکتا ہے۔

لندن کے مشہور دریائے ٹیمزسے دوسری جنگِ عظیم کے دوران گرایا جانے والا 500 کلوگرام وزنی بم برآمد ہونے کے بعد نزدیک واقع لندن کے سٹی ایئرپورٹ کو تمام پروازوں کے لیے بند کردیا گیا ہے۔

خبر رساں ادارے 'ایسوسی ایٹڈ پریس' کے مطابق لندن کی میٹروپولیٹن پولیس نے بم کے ارد گرد 700 فٹ کے علاقے کو لوگوں سے خالی کرالیا ہے جب کہ بم کو ناکارہ بنانے کے لیے رائل نیوی کے ماہرین طلب کرلیے گئے ہیں۔

بم کے باعث جن گھروں کو خالی کرایا گیا ہے ان کے مکینوں کو لندن شہر کی انتظامیہ نے عارضی رہائش گاہیں فراہم کی ہیں۔

حکام کا کہنا ہے کہ بم کو ٹیمز سے نکالنے اور ناکارہ بنانے کا کام منگل کو بھی جاری رہ سکتا ہے۔

پولیس حکام کے مطابق بم اتوار کو لندن سٹی ایئرپورٹ پر جاری ایک کام کے دوران جارج 5 نامی جیٹی کے قریب سے ملا۔

'لندن سٹی' لندن کا سب سے چھوٹا ہوائی اڈہ ہے جہاں سے گزشتہ سال 45 لاکھ مسافروں نے سفر کیا تھا۔ یہ ہوائی اڈہ لندن کے مشرقی علاقے میں دریا کے کنارے واقع ہے۔

اس علاقے پر دوسری جنگِ عظیم کے دوران جرمن طیاروں نے شدید بمباری کی تھی۔

دوسری جنگِ عظیم کو ختم ہوئے 78 سال گزرنے کے باوجود یورپ کے مختلف ملکوں سے جنگ کے دوران گرائے جانے والے بم ملنے کے واقعات ماضی میں بھی تواتر سے پیش آتے رہے ہیں البتہ ایسے بیشتر بموں کو کامیابی سے بغیر کسی نقصان کے ناکارہ بنادیا جاتا ہے۔

XS
SM
MD
LG