رسائی کے لنکس

مسعود اظہر عالمی دہشت گرد قرار، امریکہ کا خیر مقدم


فائل فوٹو
فائل فوٹو

اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی تعزیراتی کمیٹی نے کالعدم تنظیم ’جیش محمد‘ کے سربراہ مسعود اظہر کا نام آج بدھ کے روز دہشت گردوں کی عالمی فہرست میں شامل کر دیا ہے۔

اس سے قبل امریکہ، برطانیہ اور فرانس نے گزشتہ فروری میں اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی تعزیراتی کمیٹی سے مسعود اظہر کو بلیک لسٹ کرنے اور اُن کے سفر پر پابندی سمیت جائیداد ضبط کرنے کی درخواست کی تھی۔ تاہم چین کی مخالفت کے باعث اس بارے میں حتمی فیصلہ نہیں ہو سکا تھا۔

چین نے اس سے قبل 2016 اور 2017 میں بھی مسعود اظہر پر پابندی لگنے کے اقدام کو روک دیا تھا۔

ماضی میں چین کی مخالف کی وجہ سے مسعود اظہر کو دہشت گرد قرار دینے کی چار کوششیں کامیاب نہیں ہو سکی تھیں۔

تاہم بدھ کو چین نے مسعود اظہر کو دہشت گرد قرار دینے کی تجویز پر اپنے تکنیکی التوا کو ختم کر دیا، جس کے بعد اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی تعزیراتی کمیٹی نے مسعود اظہر کو عالمی دہشت گرد قرار دے دیا۔

مسعود اظہر کا نام اقوام متحدہ کے نامزد دہشت گردوں کی فہرست میں شامل کرانے کے لیے بھارت کو پلوامہ حملے میں ان پر الزام واپس لینا پڑا جسے پاکستان اپنی ایک بڑی سفارتی کامیابی قرار دے رہا ہے۔ کئی بھارتی لیڈروں نے بھی اس پر سوال اٹھائے ہیں۔ کشمیری رہنما اور بھارتی کنٹرول کے کشمیر کے سابق وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ نے اپنے ایک ٹوئٹ میں اس جانب اشارہ کیا ہے۔

عمر عبداللہ نے ایک اور ٹوئٹ میں کہا ہے کہ ایک علامتی کامیابی کے لیے سیکورٹی فورسز کی قربانیوں کو دریا برد کر دیا گیا۔

​جب کہ بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی نے اقوام متحدہ کے اس اقدام کو دہشت گردی کے خلاف بھارت کی جنگ میں ایک بڑی فتح قرار دیا ہے۔

پاکستان کے وفاقی وزیر برائے سائنس اینڈ ٹیکنالوجی فواد چوہدری نے کشیمریوں کی جدوجہد کا ذکر کرتے ہوئے اقوام متحدہ کے اس اقدام کو پاکستان کی ایک بڑی سفارتی فتح قرار دیا ہے۔

کئی تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ اصل میں یہ چین کی سفارتی کامیابی ہے جسے پاکستان اور بھارت اپنی اپنی کامیابی قرار دے رہے ہیں۔

پاکستان کے دفتر خارجہ کے ترجمان نے کہا ہے کہ سلامتی کونسل کی طرف سے مسعود اظہر کو بلیک لسٹ کرنے کے بعد ان کے اثاثے منجد کرنے سمیت ان پر اسلحہ کی خرید و فروخت اور سفری پابندیاں عائد کر دی گئی ہیں۔

ترجمان نے مزید کہا کہ پاکستان نے ہمیشہ سے تعزیراتی کمیٹی کے تکنیکی معاملات کا احترام کیا ہے۔ تاہم ترجمان کا کہنا تھا کہ پاکستان کا ہمیشہ سے یہ موقف رہا ہے کہ تعزیراتی کمیٹی کے پلیٹ فارم کو سیاسی مقاصد کے لیے استعمال نہ کیا جائے۔

امریکہ کا ردعمل

امریکہ نے اقوام متحدہ کی جانب سے مولانا مسعود اظہر کا نام عالمی دہشت گردوں کی فہرست میں شامل کرنے کے اقدام کی تعریف کی ہے۔

قومی سیکورٹی کونسل کے ترجمان 'گیرٹ مارکس' کا کہنا ہے کہ اقوام متحدہ نے فروری میں بھارت کے علاقے پلوامہ حملے میں ملوث مسعود اظہر کو دہشت گرد قرار دیا ہے۔ امریکہ اس اقدام کی تائید کر تا ہے۔

ترجمان کا کہنا ہے کہ اس عمل سے پاکستان میں دہشت گردی کو جڑ سے اکھاڑنے کی عالمی کوششوں کو فائدہ پہنچے گا۔ اس اقدام سے جنوبی ایشیا میں امن اور استحکام آئے گا۔

XS
SM
MD
LG