اطلاعات کے مطابق لندن کے ویسٹ منسٹر پل پر فائرنگ کے بعد کم ازکم ایک درجن افراد زخمی ہوگئے ہیں۔
خبررساں ادارے روئیٹرز کی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ برطانوی پارلیمنٹ کےایوان زیریں کے قائد نے بتایا کہ باہر پولیس نے ایک حملہ آور کو گولی مار دی۔
یہ واقعہ بدھ کے روز پارلیمنٹ کے باہر ایک گونج دار دھماکے کی آواز کے بعد پیش آیا۔
روئیٹرز کے فوٹو گرافر کا کہنا ہے کہ کم از کم ایک درجن افراد زخمی بھی ہوئے۔
اس سے قبل پارلیمنٹ کے ایک عہدے دار نے کہا تھا کہ پارلیمنٹ کے باہر دو افراد کو گولی مار دی گئی اور عمارت کوبند کر دیا گیا ہے۔
اس واقعہ کے بعد ایوان زیریں کی کارروائی معطل کر دی گئی اورچیمبر میں موجود ارکان سے کہا گیا کہ وہ باہر نہ نکلیں۔
پولیس نے کہا ہے کہ انہیں ویسٹ منسٹر برج پر ایک حادثے کی اطلاع دی گئی۔ پولیس اہل کار موقع پر موجود ہیں اور اس معاملےسے آتشیں ہتھیاروں کے واقعہ کے طورپر نمٹا جا رہا ہے۔
عمارت میں موجود روئیٹرز کے رپورٹر نے بتایا کہ طبی عملہ پارلیمنٹ کے گیٹ کے اندر دو افراد کی مرہم پٹی کر رہا ہے۔
ویسٹ منسٹر کے قریب سے گذرنے والی زیر زمین ٹرین کے اسٹیشن کو پولیس کی درخواست پر بند کر دیا گیا ہے۔