اپنی غیر معمولی خداداد صلاحیتوں کی مدد سے، حال ہی میں دو کم سن پاکستانیوں نے اپنے وطن کا نام دنیا میں روشن کیا ہے۔ اُن میں، پانچ سالہ عیان قریشی اور آٹھ سالہ ماہ نور شامل ہیں۔
عیان نے سب سے کم عمر مائیکروسافٹ سرٹیفائیڈ پاکستانی کا اعزاز حاصل کیا۔ پانچ برس کی عمر میں یہ اعزاز حاصل کرکے، دنیا کو حیران کردیا۔
عیان نے یہ ٹیسٹ برمنگھم کی ایک یونیورسٹی کے ذریعے دیا تھا۔
برطانوی اخبار ’دِی انڈیپینڈینٹ‘ کے مطابق، عیان انتہائی کم عمری میں کمپیوٹر اور جدید ٹیکنالوجی کا شوق رکھتا ہے۔ عیان کا تعلق پاکستان کے شہر لاہور سے ہے اور وہ والدین کے ساتھ برطانیہ میں مقیم ہیں۔
دوسری جانب، پاکستان کا نام بلند کرنےوالی 8 سالہ ماہ نور بھی اپنی ذہنی صلاحیتوں کی بنا پر کسی سے کم نہیں۔ ماہ نور نے آسٹریلیا کی یونیورسٹی کے تحت ہونے والے ریاضی کے عالمی مقابلے میں دوسرے ممالک کے طالبعلموں کو پیچھے چھوڑ دیا ہے۔
روزنامہ 'ایکسپریس' کے مطابق، آسٹریلوی یونیورسٹی کے تحت ریاضی کا مقابلہ منعقد ہوا جسمیں ماہ نور نے اس ٹیسٹ میں نمایاں نمبروں سے پوزیشن لی اور سب کو مات دی۔
یہ مقابلہ جیتنے کے بعد، ماہ نور نے ایک گولڈ میڈل جیتا ہے۔ غیر معمولی ذہنی صلاحیتوں کی مالک، اس کم سن طالبہ کا تعلق پاکستان کے شہر سرگودھا سے ہے اور ایک سرکاری اسکول میں زیر تعلیم ہے۔
اس مقابلے میں 17 ممالک شریک تھے، جن میں سری لنکا، سعودی عرب اور بھارت کے طلبہ و طالبات نے حصہ لیا۔