رسائی کے لنکس

نو منتخب صدر ٹرمپ وائٹ ہاوس میں آج صدر اوباما سے ملیں گے


امریکہ کے نو منتخب صدر ڈونلڈ ٹرمپ جمعرات کو پہلی مرتبہ وائٹ ہاؤس پہنچے گے جہاں وہ صدر براک اوباما سے ملاقات کریں گے۔

وہ منگل کو ہونے والے صدارتی انتخاب میں اپنی حریف ڈیموکریٹ ہلری کلنٹن کے خلاف کامیابی کے بعد اس منصب کے لیے منتخب ہوئے ہیں۔

موجودہ صدر اور نو منتخب صدر کے درمیان اس ملاقات سے اقتدار کی بتدریج منتقلی کا سلسلہ شروع ہو گا تاکہ ٹرمپ 20 جنوری کو عہدہ صدارت کا حلف اٹھانے کے لیے تیار ہو سکیں۔

اوباما نے ہلری کلنٹن کے لیے بھرپور طریقے سے انتخابی مہم میں حصہ لیا تھا اور بدھ کو انتخابی نتائج سامنے آنے کے بعد ان کا کہنا تھا کہ ہارنا بہت مشکل ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ "یہ کوئی ڈھکی چھپی بات نہیں کہ نو منتخب صدر اور میرے درمیان بہت واضح اختلافات ہیں، لیکن یاد رکھیے آٹھ سال قبل صدر بش اور مجھ میں بھی ایسے اختلافات تھے۔ لیکن صدر بش کی ٹیم نے جس پیشہ وارانہ انداز میں اقتدار کی منتقلی کا عمل ممکن بنایا وہ اس سے زیادہ بہتر نہیں ہو سکتا تھا۔"

اوباما نے کہا کہ انھوں نے اپنی ٹیم کو حکم دیا ہے کہ وہ "ہر ممکن حد تک کام کریں اور اس بات کو یقینی بنائیں کہ نو منتخب صدر کے لیے انتقال اقتدار کامیابی سے ہو سکے۔"

اوباما نے پرامن انتقال اقتدار کو امریکی جمہوریت کا طرہ امتیاز قرار دیا۔

وائٹ ہاؤس سے جاری بیان کے مطابق ملاقات میں صدر اوباما، نو منتخب صدر کو اقتدار کی منتقلی کے اُس طریقے سے آگاہ کریں گے جس پر اُن کی ٹیم قریب ایک سال سے کام کر رہی تهی۔

بیان کے مطابق ’’اس سال کے آغاز میں ہی صدر اوبامانے اقتدار کی منتقلی کو اپنی اہم ترین ترجیحات کے طور پر ظاہر کیا تها اور منتخب صدر سے ملاقات اِس مقصد کا پہلا قدم ہے۔‘‘

XS
SM
MD
LG