رسائی کے لنکس

کوئی گٹھ جوڑ نہیں، کوئی رکاوٹ نہیں: ٹرمپ


ایک اخبار نویس کے سوال کے جواب میں، ٹرمپ نے مزید کہا ہے کہ ’’درحقیقت، جیمز کومی نے میری بہت سی باتوں کی تصدیق کی۔ جب کہ اُن کی کہی ہوئی چند باتیں درست نہیں تھیں‘‘

صدر ڈونالڈ ٹرمپ نے جمعے کے روز اخباری نمائندوں کو بتایا کہ وہ سمجھتے ہیں کہ جمعرات کے دِن ’ایف بی آئی‘ کے برطرف سربراہ، جیمز کومی کی شہادت سے اُن کی سچائی ثابت ہوتی ہے۔ بقول اُن کے، ’’کوئی گٹھ جوڑ نہیں، کوئی رکاوٹ نہیں‘‘ ڈالی۔ ’’وہ ’لیکر‘ ہیں‘‘۔

ٹرمپ نے یہ بات وائٹ ہاؤس کے لان میں بڑی تعداد میں موجود بے چینی سے منتظر اخباری نمائندوں کے سوال کے جواب میں کہی۔ کئی ہفتوں کے بعد صدر نے ذرائع ابلاغ کے نمائندوں کے ساتھ سوالوں کے جواب کی نشست کی۔

ٹرمپ نے مزید کہا کہ ’’درحقیقت، جیمز کومی نے میری بہت سی باتوں کی تصدیق کی۔ جب کہ اُن کی کہی ہوئی چند باتیں درست نہیں تھیں‘‘۔

وائٹ ہاؤس میں رومانیہ کے صدر کلاوس اہانس کے ساتھ ملاقات کے بعد، دونوں نے اخبار نویسوں سے بات چیت کی۔

ٹرمپ نے نیٹو کے بارے میں امریکہ کےمؤقف پر پوچھے گئے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ امریکہ نیٹو کی شق 5 پر پختہ کھڑا ہے، یعنی نیٹو کی ’’مشترکہ دفاع‘‘ کی پالیسی پر؛ جس میں کہا گیا ہے کہ ’نیٹو کے کسی ملک پر حملہ سارے ارکان کے خلاف حملہ تصور ہوگا‘۔

ٹرمپ نے کہا کہ ’’یقینی طور پر، ہم تحفظ فراہم کرنے کے لیے موجود ہیں۔ یہی سبب ہے کہ میں چاہتا ہوں کہ ہم اس بات کو یقینی بنائیں کہ (نیٹو ملکوں میں) ہم ایک بہت، بہت ہی مضبوط فورس کے مالک بنیں۔ یقینی طور پر، میں شق 5 کے بارے میں پُرعزم ہوں‘‘۔

XS
SM
MD
LG