رسائی کے لنکس

غیر قانونی تارکینِ وطن کا 'ڈاکا' معاہدہ اب نہیں رہے گا: ٹرمپ


صدر ٹرمپ پام بیچ، فلوریڈا پہنچنے پر طیارے سے باہر آ رہے ہیں
صدر ٹرمپ پام بیچ، فلوریڈا پہنچنے پر طیارے سے باہر آ رہے ہیں

صدر ٹرمپ نے شمالی امریکہ کے آزاد تجارت کے معاہدے نافٹا کو بھی ختم کرنے کا عندیہ دیا جس کے لیے کینڈا اور میکسیکو سے بات چیت ان دنوں جاری ہے۔

امریکی صدر ٹرمپ نے اتوار کے روز ایک ٹویٹ میں کہا ہے کہ اُن امیگرینٹس کو قانونی حیثیت دیے جانے کا کوئی معاہدہ نہیں ہو گا جو بچپن میں اپنے والدین کے ساتھ امریکہ آئے تھے اور اُن کی حیثیت بدستور غیر قانونی ہے۔ اُنہیں عرف عام میں ڈریمرز یعنی خواب دیکھنے والوں کے نام سے پکارا جاتا ہے ۔

اپنی ٹویٹ میں صدر ٹرمپ نے مزید کہا کہ میکسیکو کے ساتھ امریکی سرحد خطرناک ہوتی جا رہی ہے۔ ایسٹر کی مبارکباد سے ساتھ ٹویٹ شروع کرتے ہوئے صدر ٹرمپ نے کہا کہ احمق لبرل قوانین کی وجہ سے بارڈر پیٹرول ایجنٹوں کو اپنا کام ٹھیک طرح سے کرنے کی اجازت نہیں ہے۔ وہاں سے قافلوں کے قافلے امریکہ داخل ہو رہے ہیں۔ اب ریپبلکن ارکان کو سخت قوانین پاس کرنے کی سرتوڑ کوشش کرنا ہو گی۔ اب کوئی ڈاکا معاہدہ نہیں رہے گا۔

اُنہوں نے شمالی امریکہ کے آزاد تجارت کے معاہدے نافٹا کو بھی ختم کرنے کا عندیہ دیا جس کے لیے کینڈا اور میکسیکو سے بات چیت ان دنوں جاری ہے۔

ڈاکا پروگرام سابق صدر براک اوباما کے دور میں 2012 میں وضح کیا گیا تھا اور موجودہ صدر ٹرمپ نے گزشتہ موسم خزاں میں اسے منسوخ کرنے کی کوشش کی تھی۔ یہ قانون اُن لوگوں کے بارے میں تھا جو اپنے بچپن میں والدین کے ساتھ امریکہ آئے تھے اور اُن کے والدین کے پاس قانونی دستاویزات نہیں تھیں۔ اس قانون کے تحت وہ ڈی پورٹ ہونے سے بچتے رہے اور اُنہیں کام کرنے کا اجازت نامہ بھی ملتا رہا۔

صدر ٹرمپ نے ڈیموکریٹ ارکان کانگریس کو پیشکش کی تھی کہ وہ ڈاکا پر کوئی معاہدہ کرنے پر غور کر سکتے ہیں بشرطیکہ جواب میں ڈیموکریٹک ارکان میکسیکو کے ساتھ سرحد پر دیوار تعمیر کرنے کیلئے فنڈ منظور کرنے میں رپبلکنز کا ساتھ دیں۔

صدر ٹرمپ ایسٹر تہوار منانے کیلئے ان دنوں پام بیچ، فلوریڈا میں اپنے ریزارٹ پر چھٹی گزار رہے ہیں۔

XS
SM
MD
LG