رسائی کے لنکس

صدارت سنبھالنے تک یرغمالی رہا نہ ہوئے تو ذمے داروں کو سنگین نتائج بھگتنا ہوں گے: ٹرمپ


فائل فوٹو
فائل فوٹو

  • یرغمالوں کو فوری رہا کیا جائے؛ نو منتخب امریکی صدر کا سوشل میڈیا پر بیان
  • ہر کوئی یرغمالوں کے بارے میں بات کر رہا ہے جنہیں پرتشدد اور غیر انسانی طریقے سے اغوا کیا گیا: ٹرمپ
  • اگر میرے عہدہ سنبھالتے تک یرغمالی رہا نہ ہوئے تو مشرقِ وسطیٰ میں ان لوگوں کو سنگین نتائج بھگتنا ہوں گے جنہوں نے انسانیت کے خلاف مظالم ڈھائے ہیں: ٹرمپ
  • اسرائیلی صدر کا ٹرمپ کے بیان کا خیر مقدم
  • ہم اس لمحے کے لیے دعا کریں گے جب ہماری بہنیں اور بیٹے واپس اپنے گھروں کو لوٹ آئیں: آئزک ہرزوگ

ویب ڈیسک — امریکہ کے نومنتخب صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے خبردار کیا ہے کہ 20 جنوری 2025 کو صدارت کا عہدہ سنبھالنے سے قبل اگر غزہ میں موجود یرغمالوں کو رہا نہ کیا گیا تو ذمے داروں کو سنگین نتائج بھگتنا ہوں گے۔

ڈونلڈ ٹرمپ نے پیر کو سماجی رابطے کی سائٹ 'ٹروتھ' پر ایک پوسٹ میں کہا کہ یرغمالوں کو فوری رہا کیا جائے۔

انہوں نے کہا کہ یرغمال بنائے گئے افراد کے جو بھی ذمے دار ہیں انہیں بھرپور جواب دیا جائے گا اور یہ جواب امریکہ کی تاریخ میں پہلے کبھی کسی نے نہیں دیا ہو گا۔

نو منتخب امریکی صدر کا بیان ایسے موقع پر آیا ہے جب اسرائیلی فوج نے پیر کو ہی ایک بیان میں کہا تھا کہ غزہ میں ایک یرغمالی حملوں میں ہلاک ہو گیا ہے جو امریکی نژاد اسرائیلی فوجی ہے۔

اسرائیلی وزیرِ اعظم بن یامین نیتن یاہو اور صدر آئزک ہرزوگ نے یرغمالی عمر نیوٹرا کی ہلاکت پر ان کے خاندان سے تعزیت کرتے ہوئے غزہ میں دیگر باقی یرغمالوں کے ساتھ ان کی لاش واپس لانے کا عزم ظاہر کیا تھا۔

واضح رہے کہ گزشتہ برس سات اکتوبر کو فلسطینی عسکری تنظیم حماس کے اسرائیل پر دہشت گرد حملے میں 1200 افراد ہلاک اور 250 کو یرغمال بنا لیا گیا تھا۔

اس حملے کے بعد اسرائیل نے اعلانِ جنگ کرتے ہوئے غزہ میں کارروائیاں شروع کی تھیں جن میں غزہ کی وزارتِ صحت کے مطابق اب تک اسرائیلی حملوں میں ہلاکتوں کی تعداد 44 ہزار سے تجاوز کر گئی ہے۔

اسرائیل اور حماس کے درمیان گزشتہ ایک سال سے زائد عرصے سے جاری جنگ کے بعد بھی خیال کیا جاتا ہے کہ اب بھی کئی یرغمالی حماس کی تحویل میں ہیں۔

نومنتخب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا کہنا ہے کہ ہر کوئی یرغمالوں کے بارے میں بات کر رہا ہے جنہیں پرتشدد اور غیر انسانی طریقے سے اغوا کیا گیا۔ لیکن اس پر صرف باتیں کی گئیں کوئی عمل نہیں ہوا۔

انہوں نے مزید کہا کہ اس حقیقت کو جاننے کی کوشش کریں کہ اگر میرے عہدہ سنبھالتے تک یرغمالی رہا نہ ہوئے تو مشرقِ وسطیٰ میں ان لوگوں کو نتائج بھگتنا ہوں گے جنہوں نے انسانیت کے خلاف مظالم ڈھائے ہیں۔

نومنتخب امریکی صدر نے اپنی پوسٹ میں اس بات کی کوئی وضاحت نہیں کی کہ ان کے صدارت کا منصب سنبھالنے تک اگر یرغمالی رہا نہ ہوئے تو وہ اپنی حکومت میں کس قسم کے اقدامات کریں گے۔

البتہ اسرائیلی صدر آئزک ہرزوگ نے ٹرمپ کے بیان کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا کہ ہم اس لمحے کے لیے دعا کریں گے جب ہماری بہنیں اور بیٹے واپس اپنے گھروں کو لوٹ آئیں۔

یاد رہے کہ حماس نے کئی بار غزہ میں مکمل جنگ بندی کی صورت میں یرغمالوں کی رہائی کی پیش کش کی ہے۔ لیکن اسرائیلی حکومت کا مؤقف رہا ہے کہ حماس کو مکمل طور پر ختم کیے جانے تک جنگ جاری رہے گی۔

XS
SM
MD
LG