رسائی کے لنکس

اوپرا ونفرے سے مقابلہ دلچسپ ہوگا: صدر ٹرمپ


ارکانِ کانگریس کے ساتھ ایک ملاقات میں صدر ٹرمپ نے اوپرا کے الیکشن لڑنے کے بارے میں کہا، "میں اوپرا کو بہت اچھی طرح جانتا ہوں۔ مقابلہ دلچسپ ہوگا۔ میں اوپرا کوشکست دوں گا۔"

دنیا کی با اثرخواتین میں سے ایک اور ’ٹاک شوز کی ملکہ‘ کہلانے والی اوپرا ونفرے نے بھی سیاست میں آنے کا اشارہ دے دیا ہے۔

اگرچہ اس بات کا انہوں نے باقاعدہ اعلان نہیں کیا لیکن میڈیا میں اس بارے میں قیاس آرائیاں زوروں پر ہیں اور اس معاملے میں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ بھی بول پڑے ہیں۔

امریکی میڈیا میں جب یہ خبر گرم ہوئی کہ ٹاک شوز کی دنیا کا بڑا نام اور سماجی ورکر اوپرا ونفرے آئندہ صدارتی انتخاب میں حصہ لینے پر غور کر رہی ہیں اور اس بارے میں اپنے خاندان اور دوستوں سے مشورے بھی شروع کردیے ہیں تو صدر ٹرمپ بھی اپنا ردِ عمل ظاہر کیے بغیر نہیں رہ سکے۔

’سی این این‘ کے مطابق ارکانِ کانگریس کے ساتھ ایک ملاقات میں صدر ٹرمپ نے اوپرا کے الیکشن لڑنے کے بارے میں کہا، "میں اوپرا کو بہت اچھی طرح جانتا ہوں۔ مقابلہ دلچسپ ہوگا۔ میں اوپرا کوشکست دوں گا۔"

صدر نے اس موقع پر اوپرا ونفرے کو کھانے پر مدعو کرنے کا ارادہ بھی ظاہر کیا۔

صدر ٹرمپ نے اوپرا کے ساتھ پرانی یادیں تازہ کرتےہوئے کہا، "میں نے اور میری فیملی نے اوپرا ونفرے کے آخری شو میں شرکت کی تھی۔"

ماضی میں صدر ٹرمپ کے اوپرا سے تعلقات کافی خوشگوار رہے ہیں اور ٹرمپ صدر بننے سے قبل اوپرا ونفرے کی کافی تعریفیں کرتے رہے ہیں۔

لیری کنگ شو میں 1999ء میں صدرٹرمپ نے رننگ میٹ کے طور پر اوپرا ونفرے کو اپنی پہلی چوائس قرار دیا تھا۔

امریکی میڈیا کا کہنا ہے کہ اگر اوپرا ونفرے نے واقعی 2020ء میں صدارتی انتخاب لڑنے کا فیصلہ کیا اور ڈیموکریٹ پارٹی نے انہیں ٹکٹ دے دیا تو صدر ٹرمپ کو کڑے مقابلے کا سامنا کرنا پڑے گا۔

اوپرا ونفرے گولڈن گلوب ایوارڈز میں اپنی متاثر کن تقریر کے بعد سے لوگوں کی داد سمیٹ رہی ہیں اور اس تقریر کے بعد سے ان کی مقبولیت میں تیزی سے اضافہ ہوا ہے۔

XS
SM
MD
LG