رسائی کے لنکس

حکومت ضروری ادویات امریکی کمپنیوں سے خریدے، صدر ٹرمپ کا حکم


صدر ٹرمپ نے جمعرات کے روز ایک انتظامی حکم نامے پر دستخط کیے ہیں جس کے تحت حکومت کیلئے لازم ہے کہ وہ 'ضروری ادویات'، غیر ملکی کمپنیوں کی بجائے امریکی کمپنیوں سے خریدیں۔

صدارتی حکم نامے میں کہا گیا ہے کہ امریکہ کو متعدی امراض کے پھیلاؤ، کیمیاوی، حیاتیاتی، تابکاری اور جوہری خطرات سے اپنے شہریوں، اہم بنیادی ڈھانچے، افواج اور معیشت کو تحفظ دینا ہو گا۔

حکم نامے میں کہا گیا ہے کہ یہ انتہائی اہم ہے کہ ہم ضروری ادویات، ماسک، دستانے، حفاظتی چشموں اور وینٹی لیٹروں سمیت دیگر طبی ساز و سامان کیلئے، غیر ملکی مینوفیکچرنگ پر انحصار کم کریں تا کہ ان چیزوں کی ممکنہ قلت کے خطرے کو کم کرنے کیلئے صحت سے متعلق اپنے ملکی شعبے کو متحرک کیا جائے۔

وائٹ ہاؤس کے مشیر برائے تجارت، پیٹر نیوارو کا کہنا تھا کہ اس حکم نامے کے تحت، امریکی حکومت ضروری ادویات کی ایک فہرست مرتب کرے گی، اور پھر انہیں چین جیسے غیر ممالک سے خریدنے کی بجائے، امریکی کمپنیوں سے خریدے گی۔

نیوارو نے کرونا وائرس کا تذکرہ کرتے ہوئے کہا کہ اگر ہم نے ایک بات چین کے وائرس سے پھیلنے والی عالمی وبا سے سیکھی ہے تو وہ یہ ہے کہ ہم خطرناک حد تک ضروری ادویات، ماسک، دستانے، حفاظتی چشموں اور وینٹی لیٹروں سمیت دیگر طبی ساز و سامان کیلئے غیر ممالک پر انحصار کرتے ہیں۔

نیوارو کا کہنا ہے کہ اس حکم نامے سے سرکاری محکموں میں امریکی مصنوعات کی خریداری جیسے اصول قائم ہوں گے، اور مقامی سطح پر تیار کی گئی ادویات کیلئے ضوابط کی رکاوٹیں ختم ہوں گی۔ اس سے ادویات کی قیمتوں کو کم کرنے کیلئے درکار مینوفیکچرنگ ٹیکنالوجی کو بھی فروغ مل سکتا ہے۔

تاہم ادویات بنانے والی تمام کمپنیاں امریکی مصنوعات خریدنے جیسے حکم نامے سے خوش نہیں ہوں گی۔

فارماسیوٹیکل ریسرچ اینڈ مینوفیچرنگ آف امریکہ ٹریڈ گروپ کے سربراہ، سٹیفن ابل کا کہنا ہے کہ اس اقدام نے اختراعات اور کرونا وائرس کی ویکسین کی تیاری کی کو ششوں میں مزید رکاوٹیں پیدا کر دی ہیں۔

سٹیفن کا کہنا ہے کہ امریکہ میں ادویات کی تیاری بڑا اچھا مقصد ہے، لیکن یہ ایک دن میں ممکن نہیں ہو سکتا، خاص طور پر اسے طبی شعبے میں اختراعات اورامریکی شہریوں کو درکار ادویات تک رسائی کی قیمت پر نہیں ہونا چاہئے۔

ان کا کہنا تھا کہ حکومت کیلئے اس کا متبادل ایک ایسی پالیسی ہو گی، جو فارماسیٹیکل کی سپلائی چین کو عدم استحکام کا شکار کئے بغیر، امریکہ میں ادویات کی مزید تیاری کے قابل بنائے۔

.

XS
SM
MD
LG