امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے پیر کے روز امریکی کالج فٹ بال چیمپین شپ کی فاتح ٹیم کلیمسن ٹائگرز کے اعزاز میں فاسٹ فوڈ ڈنر کا اہتمام کیا۔ اس موقع پر میکڈونلڈ کے کوارٹرز پاؤنڈرز اور وینڈی کے ’ریڈ اینڈ وائٹ‘ برگر کھانے کا اہم حصہ تھے۔
وائٹ ہاؤس میں عام طور پر کھانے کا اہتمام وائٹ ہاؤس کے شیف کرتے ہیں۔ تاہم اس بار شیف سمیت وائٹ ہاؤس کا متعلقہ عملہ شٹ ڈاؤن کے باعث فرلو پر ہے۔ لہذا صدر ٹرمپ نے ضیافت میں فاسٹ فوڈ آرڈر کروایا۔ اُن کا کہنا تھا کہ یہ امریکی کھانا ہے۔ اس لئے یہ شاندار ہے۔
اس موقع پر میڈیا سے بات کرتے ہوئے صدر ٹرمپ کا کہنا تھا، ’’ہمارے پاس یہاں بہت سے پیزا، 300 برگر اور بہت سے فرینچ فرائیز ہیں جو ہم سب کا پسندیدہ کھانا ہے۔‘‘
کلیمسن ٹایگرز کے کھلاڑی رسمی سوٹوں میں ملبوس اس ضیافت میں شریک ہوئے۔ کھانے کے بعد کھلاڑیوں سے بات کرتے ہوئے صدر ٹرمپ نے کہا کہ وہ اس ضیافت کو شٹ ڈاؤن کے خاتمے تک کیلئے ملتوی نہیں کرنا چاہتے تھے۔ لہذا اُنہوں نے اس کیلئے فاسٹ فوڈ منگوانے کا فیصلہ کیا۔
وائٹ ہاؤس کی پریس سیکٹری سارا سینڈرز نے بتایا ہے کہ اس ضیافت کے تمام اخراجات صدر ٹرمپ نے خود برداشت کئے۔
امریکن فٹبال ملک کا مقبول ترین کھیل ہے۔ اس کھیل کی یونیورسٹی سطح پر ہونے والی سالانہ چیمپئن شپ بھی نیشنل ٹیلی ویژن پر براہِ راست نشر کی جاتی ہے۔ اور ملکی سطح پر کھیلنے والے کھلاڑی کالج فٹبال سے ہی آگے آتے ہیں۔
کلیسن ٹائگرز نے 7 جنوری کو کالج فٹ بال چیمپین شپ کے فائنل میں ایلاباما کرمزن ٹائیڈ کو شکست دے کر چیمپین ہونے کا اعزاز حاصل کیا۔