رسائی کے لنکس

امریکہ میں نئی حکومت کی تشکیل، ٹرمپ نے کرس رائٹ کو وزیرِ توانائی نامزد کر دیا


  • امریکہ کے منتخب صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے نئی حکومت میں کرس رائٹ کو وزیرِ توانائی بنانے کا اعلان کیا ہے۔
  • کرس رائٹ آئل فیلڈ سروسز کمپنی کے بانی ہیں۔
  • ٹرمپ ایک نئی نیشنل انرجی کونسل کے قیام کا اعلان بھی کر چکے ہیں۔

ویب ڈیسک — امریکہ کے منتخب صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنی حکومت میں محکمۂ توانائی کی قیادت کے لیے کرس وائٹ کا انتخاب کیا ہے۔

ٹرانزیشن ٹیم نے ہفتے کی سہ پہر اس کا باقاعدہ اعلان کیا ہے۔

اس سے قبل جمعے کو ٹرمپ نے نئی نیشنل انرجی کونسل کے قیام کا اعلان کیا تھا۔

اس کونسل کی سربراہی ان کی انٹیریئر ڈپارٹمنٹ کے لیے نامزد کردہ نارتھ ڈکوٹا کے سابق گورنر ڈگ برگم کریں گے۔

ٹرمپ نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ کونسل کے سربراہ کی حیثیت سے برگم توانائی کے شعبے میں اجازت ناموں، پیداوار، تقسیم کاری، قواعد بنانے اور نقل و حمل سے متعلق تمام انتظامی اداروں کے پینل کو ہدایات دیں گے۔

ڈگ برگم کو نیشنل انرجی کونسل کے چیئرمین کے طور پر قومی سلامتی کونسل میں بھی شامل کیا جائے گا۔

کرس رائٹ ڈینور، کولاراڈو میں قائم لبرٹی انرجی کے سی ای او ہیں۔

ڈگ برگم۔ فائل فوٹو۔
ڈگ برگم۔ فائل فوٹو۔

یو ایس انرجی انفارمیشن ایڈمنسٹریشن کی مارچ 2024 کی ایک رپورٹ کے مطابق گزشتہ چھ برس کے دوران عالمی اعداد و شمار کے مطابق امریکہ نے دنیا میں کسی بھی ملک سے زیادہ خام تیل پیدا کیا ہے۔

امریکہ کی خام مال کی اوسط ماہانہ پیداوار دسمبر 2023 میں ریکارڈ سطح پر پہنچ گئی تھی جب ایک کروڑ 33 لاکھ بیرل آئل یومیہ نکالا جارہا تھا۔

امریکی ایوانِ نمائندگان اور سینیٹ دونوں میں اکثریت حاصل کرنے کے بعد ری پبلکنز جنوری کے تیسرے ہفتے تک امریکی حکومت کا مکمل کنٹرول سنبھالنے کو تیار ہیں۔

کرس رائٹ
کرس رائٹ

ٹرمپ-وینس ٹرانزیشن ٹیم کی جانب سے اعلان کیا گیا ہے کہ اسٹیون چیونگ وائٹ ہاؤس میں کمیونی کیشن ڈائریکٹر کے طور پر واپس آئیں گے۔ وہ ٹرمپ-وینس 2024 کی صدارتی مہم کے لیے اسی عہدے پر فائز تھے۔

اسٹیون چیونگ اس سے قبل ڈونلڈ ٹرمپ کے پہلے دورِ صدارت میں وائٹ ہاؤس میں اسٹرٹیجک رسپانس کے ڈائریکٹر کے طور پر خدمات انجام دے چکے ہیں۔

نومنتخب صدر نے جمعے کو اپنی انتخابی مہم کی پریس سیکریٹری کیرولائن لیوٹ کو وائٹ ہاؤس کا پریس سیکریٹری بنانے کا بھی اعلان کیا ہے۔

کیرولائن اس سے قبل ٹرمپ کے دور میں اسسٹنٹ پریس سیکریٹری کی خدمات انجام دے چکی ہیں۔

امریکی ایوانِ نمائندگان اور سینیٹ دونوں میں اکثریت حاصل کرنے کے بعد ری پبلکنز جنوری کے تیسرے ہفتے تک امریکی حکومت کا مکمل کنٹرول سنبھالنے کو تیار ہیں۔

ری پبلکن پارٹی کو سینیٹ میں 47 کے مقابلے میں 53 کی اکثریت حاصل ہو گئی ہے جب کہ 435 کے ایوانِ نمائندگان میں ری پبلکنز 218 نشستیں حاصل کر کے اکثریت حاصل کرنے میں کامیاب ہوئے ہیں۔

ڈونلڈ ٹرمپ 20 جنوری کو امریکہ کے 47ویں صدر کے طور پر اپنی ذمہ داریاں سنبھالیں گے۔

اس رپورٹ میں شامل تفصیلات خبر رساں ادارے ’ایسوسی ایٹڈ پریس‘ سے لی گئی ہیں۔

XS
SM
MD
LG