رسائی کے لنکس

گولفر ٹائیگر ووڈز کے لیے امریکہ کا سب سے بڑا شہری اعزاز


صدر ٹرمپ ایوارڈ دینے کے بعد ٹائیگر ووڈز کو مبارک دے رہے ہیں
صدر ٹرمپ ایوارڈ دینے کے بعد ٹائیگر ووڈز کو مبارک دے رہے ہیں

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے گولفر ٹائیگر ووڈز کو اس سال کا ماسٹرز گولف ٹورنامنٹ جیتنے کے بعد امریکہ کا سب سے بڑا شہری ایوارڈ ’صدارتی تمغہ برائے آزادی‘ دیا ہے۔

ٹائیگر ووڈز کو یہ اعزاز پیر کے دن وائٹ ہاؤس میں دیا گیا۔ اس موقع پر صدر ٹرمپ نے کہا کہ ٹائیگر ووڈز تاریخ کے عظیم ترین کھلاڑیوں میں سے ایک ہیں۔

اپنی تقریر میں صدر ٹرمپ کا کہنا تھا، ’’اس وقت ہمارے ساتھ حقیقی معنوں میں ایک لیجنڈ کھلاڑی کھڑے ہیں اور ٹائیگر ووڈز امریکی اعلیٰ مہارت کا عالمی نشان ہیں۔‘‘

اُنہوں نے ٹائیگر ووڈز کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ آپ نے جو کارنامہ انجام دیا ہے وہ ناقابل یقین ہے اور آپ کی گولف کورس میں شاندار کامیابیاں اور جیت کا عزم امریکی سپرٹ کو ظاہر کرتا ہے۔

ٹائیگر ووڈز نے تقریب کے بعد ایک ٹوئٹ میں کہا، ’’صدارتی تمغہ برائے آزادی‘‘ حاصل کرنا اُن کے لیے زبردست اعزاز کی بات ہے۔ آپ سب کے تعاون کا شکریہ۔ مجھے اُمید ہے کہ اس سے دوسروں کو یہ احساس ہو گا کہ وہ خواب دیکھنا ترک نہیں کریں گے۔‘‘

ٹائیگر ووڈز کی ماسٹرز ٹورنامنٹ میں فتح گزشتہ دس برسوں میں پہلا اور اُن کے کیریئر کا 15 واں بڑا ٹائیٹل ہے۔ اُنہوں نے گزشتہ کئی برس زخمی ہونے اور متعدد سکینڈلز کے باعث شدید مشکل میں گزارے ہیں۔

اس دوران صدر ٹرمپ سے اُن کے گہرے دوستانہ تعلقات قائم رہے۔ ووڈز نے ٹرمپ آرگنائزیشن کے زیراہتمام دبئی میں ایک کورس بھی تشکیل دیا۔ صدر ٹرمپ اور ٹائیگر ووڈز اکٹھے گولف بھی کھیلتے رہے ہیں۔ اُنہوں نے گزشتہ فروری میں فلوریڈا میں صدر ٹرمپ کے ذاتی گولف کورس میں ایک راؤنڈ کھیلا تھا۔

صدر ٹرمپ اس سے پہلے امریکی فٹ بال کے مشہور کھلاڑیوں راجر سٹابیک اور ڈیفنس ایلن پیج کو بھی یہ اعزاز عطا کر چکے ہیں۔ ایلن پیج کھیل سے ریٹائر ہونے کے بعد منی سوٹا ریاست کی سپریم کورٹ کے جج مقرر ہو گئے تھے۔ اس کے علاوہ صدر ٹرمپ نے بیس بال کے عظیم کھلاڑی بیب روتھ کو بھی بعد از مرگ یہ ایوارڈ دیا تھا۔

تاہم ان میں سے کوئی بھی کھلاڑی بھی یہ اعزاز وصول کرنے کے لیے وائٹ ہاؤس نہیں آیا۔ صدر ٹرمپ نے گزشتہ برس سوپر بال دیکھنے کا پروگرام بھی اُس وقت منسوخ کر دیا تھا جب سوپر بال چیمپیئن ٹیم فلاڈلفیا ایگلز نے کہا تھا کہ صدر کی آمد پر ٹیم کا صرف ایک چھوٹا وفد ہی موجود ہو گا۔

بیس بال کی امریکی چیمپیئن ٹیم باسٹن ریڈ ساکس کو اس ہفتے وائٹ ہاؤس میں مدعو کیا گیا ہے۔ تاہم ٹیم کی انتظامیہ کا کہنا ہے کہ وہ پوری ٹیم کو وائٹ ہاؤس نہیں بھیجے گی اور صرف چند کھلاڑی صدر کی دعوت پر وائٹ ہاؤس جائیں گے۔ ریڈ ساکس کے منیجر ایلیکس کورا نے یہ کہتے ہوئے ٹیم کے ساتھ وائٹ ہاؤس جانے سے معذرت کر لی ہے کہ صدر ٹرمپ نے اُن کے وطن پورٹوریکو میں سمندری طوفان ’ماریا‘ سے ہونے والی تباہی کے بعد مناسب مدد فراہم نہیں کی تھی۔

XS
SM
MD
LG