پاک افغان سرحد پر عسکری رابطوں کو موثر بنانے کے لیے پاکستانی فوج، بین الاقوامی اتحادی افواج اور افغان نیشنل آرمی کا آئندہ اجلاس رواں ہفتے راولپنڈی میں ہو گا۔
فوج کے شعبہ تعلقات عامہ ’آئی ایس پی آر‘ نے بدھ کو ایک بیان میں کہا ہے کہ فوجی عہدیداروں کا سہ فریقی اجلاس فوجی تعاون کے طے کردہ طریقہ کار کا تسلسل ہے۔
’’اجلاس میں پاک افغان سرحد پر روابط کو موثر اور مشترکہ تعاون کو بہتر بنانے پر توجہ مرکوز رہے گی۔‘‘
افغانستان میں تعینات بین الاقوامی اتحادی افواج کے سربراہ جنرل جان ایلن جب کہ افغان نیشنل آرمی کے چیف آف جنرل اسٹاف شیر محمد کرمانی اپنے ملک کے وفد کی سربراہی کریں گے۔
سرحد کی دونوں جانب عسکریت پسندوں کے خلاف کارروائیوں کو موثر بنانے اور غلط فہمی کی بنیاد پر آپریشن کے امکانات کو کم کرنے کے لیے چمن، طورخم، باجوڑ اور مہمند ایجنسیوں کو ملانے والی سرحد، کے علاوہ شمالی وزیرستان میں یہ تینوں مشترکہ فوجی مراکز قائم کیے گئے ہیں۔