رسائی کے لنکس

سہ ملکی سیریز: پاکستان نے نیوزی لینڈ کو فائنل میں شکست دے کر ٹرافی اپنے نام کر لی 


پاکستان نے نیوزی لینڈ کو سہ ملکی ٹی ٹوئنٹی سیریز کے فائنل میں پانچ وکٹوں سے شکست دے کر ٹرافی اپنے نام کر لی۔

کرائسٹ چرچ کے ہیگلے گراؤنڈ میں جمعے کو کھیلے گئے میچ میں نیوزی لینڈ نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں سات وکٹوں کے نقصان پر 163 رنز بنائے جب کہ گرین شرٹس نے یہ ہدف پانچ وکٹوں کے نقصان پر آخری اوور میں حاصل کیا۔

گرین شرٹس نے ہدف کے تعاقب میں سست آغاز کیا اور ایک موقع پر میچ کیویز کے ہاتھ میں جاتا ہوا دکھائی دینے لگا۔ لیکن محمد نواز کی زبردست آل راؤنڈرپرفارمنس نے ٹیم کی جیت میں اہم حصہ ڈالا۔ انہوں نے 22 گیندوں پر 38 رنز کی ناٹ آؤٹ اننگز کھیلی جب کہ افتخار احمد 14 گیندوں پر 25 رنز کے سات ناٹ آؤٹ رہے۔

پاکستان کی جانب سے اوپنرز محمد رضوان نے 34، کپتان بابر اعظم 15، شان مسعود 19، حیدر علی 31 اور آصف علی ایک رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔

نیوزی لینڈ کی جانب سے مائیکل بریسویل نے دو، اش سودھی اور ٹم ساؤتھی نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔

اس سے قبل نیوزی لینڈ نے سہ ملکی ٹی ٹوئنٹی سیریز کے فائنل میں پاکستان کو جیت کے لیے 164 رنز کا ہدف دیا تھا۔

کرائسٹ چرچ کے ہیگلے اوول گراؤنڈ میں کھیلے گئے میچ میں پاکستانی ٹیم کے کپتان بابرا عظم نے ٹاس جیت کر فیلڈنگ کا فیصلہ کیا تو کیویز ٹیم نے کپتان کین ولیم سن کی شاندار نصف سینچری کی بدولت مقررہ 20 اوورز میں سات وکٹوں کے نقصان پر 163 رنز بنائے۔

نیوزی لینڈ کے اوپنرز فن ایلن 12 اور ڈیون کونوے 14 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے جس کے بعد کین ولیم سن اور گلین فلپس نے پاکستانی بالروں کے خلاف محتاط بیٹںگ کرتے ہوئے اسکور کو آگے بڑھایا۔

تیسری وکٹ پر ولیم سن اور فلپس کے درمیان 37 گیندوں پر 50 رنز کی شراکت مکمل ہوئی اور نیوزی لینڈ کا مجموعی اسکور 97 تک پہنچا تو فلپس 29 رنز بنا کر محمد نواز کی گیند پر شان مسعود کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہو گئے۔

میچ کے چودہویں اوور میں محمد نواز کی گیند پر بابر اعظم نے کور پر کین ولیم سن کا ایک آسان کیچ چھوڑ دیا جس کے بعد کیویز کپتان نے اگلی ہی گیند پر چھکا جڑ دیا۔

نیوزی لینڈ ٹیم کا مجموعی اسکور 134 تک پہنچا تو شاداب خان کی گیند پر ولیم سن کیچ آؤٹ ہو گئے۔ انہوں نے دو چھکوں اور چار چوکوں کی مدد سے 38 گیندوں پر 59 رنز کی اننگز کھیلی۔

پاکستان کی جانب سے نسیم شاہ نے دو، شاداب خان اور محمد نواز نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔

واضح رہے کہ سہ ملکی سیریز میں شامل بنگلہ دیش، پاکستان اور نیوزی لینڈ کی ٹیموں نے چار چارمیچز کھیلے تھے۔ بنگلہ دیش بغیر کوئی میچ جیتے ایونٹ سے باہر ہو گئی تھی جب کہ پاکستان نے تین میچز میں کامیابی حاصل کی تھی۔

XS
SM
MD
LG